دہلی میں9ویں اور 11ویں کلاسز کے لئے اسکول 5فروری سے شروع 

0

پریکٹیکل اور پروجیکٹ کام کی تیاریوں کیلئے ڈگری کالج اور ڈپلومہ انسٹی ٹیوٹ بھی کھولے جائیں گے 
نئی دہلی : نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا ہے کہ 5 فروری سے 9ویں اور 11 ویں کلاسز کے لئے اسکول کھولے جائیں گے۔ انہوں نے ڈگری ، پالی ٹیکنک اور آئی ٹی آئی اداروں کو کھولنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ کورونا سے آنے والے تمام طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور پورے کیمپس میں صاف صفائی کے بہتر انتظامات کریں۔ انہوں نے یہ اعلان آج ایک پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پرمنیش سسودیا نے کہا کہ دس ماہ سے اسکول اور کالج بند رہنے کے بعد اب امتحانات اور پریکٹیکل تیاریوں کے لئے کھولا جارہا ہے۔ اس لئے ، اسکولوں اور کالجوں کو دوبارہ کھولنے کے لئے مکمل انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔ نائب وزیر اعلی نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ اسکولوں اور کالجوں میں جاکر کورونا کے تحفظ کے تمام اصولوں کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کلاس روم میں معاشرتی فاصلے پر عمل پیرا ہونا چاہئے ، سینیٹائزر ، ماسک کی دستیابی ضروری ہونی چاہئے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امتحان سے قبل طلبہ کی بہتر تیاری اور کائونسلنگ کرنا ضروری ہے۔ اس لئے اسکولوں اور کالجوں کو احتیاط کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بچے اپنے والدین کی رضامندی سے اسکول آسکیں اور امتحان سے پہلے وہاں کے ماحول میں سکون حاصل کرسکیں۔ انہوںنے کہا کہ اس سے گذشتہ ایک سال کے دوران تعلیم کے نقصان کی تلافی نہیں ہوپائے گی ، لیکن بقیہ وقت کا صحیح استعمال کیا جانا چاہئے۔منیش سسودیا نے کہا کہ ہماری پہلی توجہ تعلیمی اداروں کو اچھی طرح کھولنے اور کورونا سے تحفظ فراہم کرنے پر ہے اس کے بعد ہم نتیجہ پر توجہ دیں گے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دس اور بارہویں جماعت کی تیاری کے لئے اسکولوں کو 18 جنوری کو دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔ ابتدائی دنوں میں والدین کو کورونا کا خوف تھا ، اس لئے اسکولوں میں بچوں کی موجودگی کم تھی۔ لیکن اب تیاریوں کو دیکھ کر والدین کا اعتماد بڑھ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسکولوں میں طلب کیے جانے والے تقریباً 80فیصد بچے آ رہے ہیں۔
یکم مارچ سے اسکولوں میں پریکٹیکل، پروجیکٹ کام اور انٹر نل اویلیوشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ 20 مارچ سے 15 اپریل کے درمیان مڈ ٹرم امتحانات شام دوپہر 2 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک منعقد کی جاسکتی ہیں۔ انٹرنل گریڈ کا تجزیہ سالانہ امتحان شروع ہونے سے پہلے مکمل ہوجانا چاہئے۔ سالانہ امتحان کا سوال نامہ کم کئے گلے نصاب کے مطابق ہوگا۔نصاب محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
بارہویں جماعت کیلئے ہدایات:پیریوڈک اویلیوشن یکم اور 2 فروری کے آخری اور مارچ کے پہلے ہفتے میں کیا جاسکتا ہے۔ یکم اپریل سے 15 اپریل کے درمیانی مدت میں ، امتحانات سہ پہر 2 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہوسکتے ہیں۔سردیوں کی چھٹی کے دوران طلبا کو دئے گئے پروجیکٹ کے کاموںاور ہوم اسائنمنٹس کا سبجیکٹ اینرچمنٹ سرگرمی کے طور پر تجزیہ کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS