کسانوں کے مسائل پر حکومت کی خاموشی خطرناک

0

نئی دہلی:  کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کسانوں کا مسئلہ نہ سلجھانے اور قومی سلامتی کے حوالے سے خاموشی اختیار کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ کے روز کہا کہ اسے کسانوں کے مطالبات مان لینے چاہیئیں اور قومی سلامتی سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔
سونیا گاندھی نے آج یہاں پارٹی کی اعلیٰ پالیسی سازادارہ کانگریس ورکنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ورغلایا نہیں جانا چاہیے اور ان کے مطالبات پر غور و خوض ہونا چاہیے۔ 
انہوں نے قومی سلامتی پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حکومت قومی سلامتی سے سمجھوتہ کر رہی ہے۔ بالاکوٹ ہوائی حملے سے متعلق خبر افشاء ہونے سے خود کو قوم پرست کہنے والی بی جے پی کی قلعی کھل گئی ہے۔ 
کانگریس کی صدر نے کہا کہ جلد ہی پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن شروع ہونے والا ہے اور حکومت کو اس میں عوام سے متعلق مسائل پر وسیع غور و خوض کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی تشویش سے متعلق سوال پارلیمنٹ میں خصوصی طور پر اٹھائے جائیں گے اور حکومت سے ان پر جواب مانگا جائے گا۔ 
سونیا گاندھی نے کہا کہ کسانوں کے مسئلے پر حکومت بے حس بنی ہوئی ہے اور ان کی باتیں سنے بغیر گونگی بہری بن کر خاموش بیٹھی ہے۔ تعجب اس بات پر ہے کہ سب کو قوم پرستی اور حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینے والے ہی قومی سلامتی سے متعلق خبر کو لیک کرکے قومی سلامتی سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے ان کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔ 
انہوں نے معاشی صورتحال کے سلسلے میں بھی حکومت پر حملہ کیا اور کہا کہ چھوٹی صنعت اور غیر منظم شعبے کی حالت بہت خراب ہے لیکن حکومت ان کو آگے بڑھانے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ عوامی فنڈ کا استعمال سوچ سمجھ کر اور قانونی ڈھنگ سے کیا جانا چاہیے لیکن ایسا نہیں ہوا ہے۔ اسی طرح سے حکومت نے مزدور قوانین اور ماحولیاتی قانون میں تبدیلی کرکے انھیں کمزور کیا ہے اور عوامی اداروں کو فروخت کرنے کی پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ 
کانگریس کی صدر نے صحت اہلکاروں اور دیگر کورونا ویریئر کو کورونا ٹیکہ لگنے کے عمل پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انھیں امید ہے کہ ٹیکہ کاری کی مہم مسلسل جاری رہے گی اور ملک کے تمام شہریوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کورونا وبا کے دور میں اپنی بد انتظامی کے سبب عوام کو بہت تکلیف دی ہے اور اس کے زخم بھرنے میں برسوں لگیں گے۔ 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS