ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی پر ہندوستان اورپاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری

    0

    سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعے کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
    دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی پر جمعے کی صبح پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری شروع کر دی۔
    انہوں نے بتایا کہ وہاں تعینات بھارتی فوجی جوان حملے بھر پور جواب دے رہے ہیں۔
    مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
    بتادیں کہ ضلع پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کو ایک فوجی اہلکار اس وقت جاں بحق ہوا تھا  جب پاکستانی فوج کی طرف سے مبینہ طور پر سنائپر رائفل سے اس کو نشانہ بنا کر گولی چلائی گئی تھی۔
    مہلوک فوجی جوان کی شناخت حوالدار نرمل سنگھ آف جے اے کے رائفلز شدید طور پر ہوئی ہے۔
    سرکاری ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر کے سرحدوں پر سال 2020 کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے زائد از پانچ ہزار واقعات رونما ہوئے ہیں۔
    ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا لیکن اس کے باوجود بھی طرفین کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر گولہ باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے سرحد کے آر پار بستیوں کے لوگوں کا جینا مشکل ہوکے رہ گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS