اٹلی میں کووڈ ۔19کی دوسری لہر کے سبب آئندہ تعطیلات کے دوران لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ

    0

    روم: اٹلی میں حکومت نے کورونا وائرس(کووڈ ۔19)کی دوسری لہرکا سامنا کرتے ہوئے آنے والی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
    لوگوں کو صرف کرسمس اور نئے سال کے موقع پر کچھ مراعات دی جائیں گی جس میں میلے کے دوران صرف دو مہمانوں کو بلائے جانے  کی اجازت ہوگی۔
    اٹلی کے وزیر اعظم جوزف کونٹے نے جمعہ کے روز اپنے وزرا کی مجلس عاملہ کی میٹنگ  کے بعد ایک پریس کانفرنس میں یہ  اطلاع  دی۔
    کونٹے نے کہا’’وزرا کونسل کے ممبروں کے ساتھ ایک میٹنگ میں ہم نے ایک قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 24 دسمبر سے 27 دسمبر اور یکم سے 6 جنوری تک پورے ملک کو ریڈ زون میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس مدت کے دوران ملک کی ایک ریاست  سے دوسری ریاست  جانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس مدت کے دوران صرف ضروری کام اور صحت سے متعلق کاموں کے سلسلہ سے  لوگ گھروں سے باہر جاسکیں گے‘‘۔
    اٹلی میں لوگوں کو 28 ،29 اور 30 دسمبر اور 4 جنوری کو گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔
    تاہم اس دوران ملک بھر میں غیر ضروری اشیاء سے متعلق بار ریسٹورنٹس اوردکانیں بند کردی جائیں گی۔
    امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ سینٹر(سی ایس ایس ای)کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 67،894 ہوگئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 19 لاکھ سے تجاوز کرکے 19،21،778 ہوگئی ہے۔ 

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS