سری نگر: وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ آنے سے سردی کی شدت میں روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ شب رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جہاں کم سے کم درجہ حرارت مفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا ہے وہیں شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ وادی کشمیر میں سرد ترین مقام ہونے کے درجے پر برابر فائز ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں مطلع صاف رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں آنے والے دنوں کے دوران مزید گراوٹ آنے کی توقع ہے۔
دریں اثنا وادی کے درجنوں دور افتادہ دیہات بشمول کیرن، مژھل اور گریز قصبوں کا بدھ کے روز بھی مسلسل ایک ہفتے سے اپنے اپنے ضلع ہیڈ کوارٹروں سے رابطہ منقطع رہا۔
معلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کا اپنے اپنے ضلع ہیڈکوارٹوں کے ساتھ رابطہ بحال کرنے کے لئے سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شد ومد سے جاری ہے۔
ادھر وادی کشمیر میں بدھ کے روز بھی موسم نہ صرف خشک رہا بلکہ صبح سے ہی کمزور ہی سہی مگر دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو شبانہ سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔۔
نحیف دھوپ میں جہاں لوگوں کو مختلف کاموں میں مشغول دیکھا گیا وہیں دیہات میں بھی میوہ باغ مالکان کو اپنے اپنے باغوں میں کام کرتے ہوئے دیکھا گیا۔دوپہر کے بعد بچوں کو میدانوں میں کھیلتے ہوئے دیکھا گیا وہیں پارکوں میں لوگ کمزور دھوپ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے بھی دیکھے گئے۔
وادی کشمیر میں مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین مقام ہونے کے درجے پر مسلسل فائز ہے جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری میں قصبہ دراس سرد ترین مقام کے درجے پر برابر فائز ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 18.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔اس یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کشمیر: درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ سے سردی کی شدت میں اضافہ، گلمرگ سرد ترین مقام
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS