اے ایم پی انڈیا فاؤنڈیشن کی جانب سے ‘فری جاب ‘پورٹل کا اجراء

0

آل انڈیا مسلم پروفیشنل (اے ایم پی )انڈیا فاؤنڈیشن  کی جانب سے یہاں  فری جاب پورٹل کا اجراء عمل میں آیا۔جوکہ ہندوستان کا پہلا جامع جاب پورٹل ماڈل ہے جو نہ صرف ملازمتیں بلکہ ہنر اور ملازمت کی تربیت بھی مہیا کراےگا -اس کا اعلان اشارہ کے صدر عامر ادریسی نے کیا۔
گزشتہ روز ہی ایم پی انڈیا فاؤنڈیشن نے ایک ایسا جاب پورٹل متعارف کروایا ہے جس کا طویل عرصے سے انتظار تھا (www.ampowerjobs.com)صنعتی پیشہ ور رضاکاروں کے ذریعے متعارف انڈیا کا پہلا ایسا جاب پورٹل ہے جو ہر ہندوستانی خصوصا کالج کی پڑھائی مکمل کرنے والوں اور کرونا وباء کے دوران ملازمت سے دستبردار ہونے والے طلباء اور ملازمت پیشہ افراد اور پہلی ملازمت کے متلاشی افراد کو مفت ملازمت کے مواقع فراہم کراتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ملازمت مہیا کرانے والی کمپنیوں، ایچ آر کنسلٹنسیز اور ملازمت کے متلاشی بے روزگاروں کو جوڑنے کے علاوہ اس جاب پورٹل کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس پورٹل کے ذریعے کالج اور پیشہ وارانہ کورسیز سے متعلق اداروں میں ملازمتی اہلیت کو اجاگر کرنے کیلئے اور طلباء کو ملازمت کے اہل بنانے کیلئے تربیت کا انتظام کرتی ہے۔
عامر کے مطابق بامبے اسٹاک ایکسچینج بروکرز فورم کے سی او او ڈاکٹر آدتیہ سرینواس نے پورٹل جاری کئے جانے کی تقریب میں کہا کہ کرونا وباء کے سبب مختلف رسمی اور غیر رسمی شعبوں میں 1.7 کروڑ ملازمتیں ضائع ہوئی ہیں۔یہ پورٹل ایسے لوگوں کیلئے کافی کارآمد ثابت ہوگا۔اس کے علاوہ کالج سے فارغ طلباء اور ملازمت کے متلاشی افراد کو پیشہ وارانہ اہلیت کی تربیت اور اسٹاک مارکیٹ کے مختلف پروگرام کی تربیت کے ذریعے مزید ملازمتیں پیدا کی جاسکتی ہیں۔
اے ایم پی کے صدر عامر ادریسی نے مزید کہا کہ یہ ہندوستان کا اولین جاب پورٹل ہے جو نہ صرف ملازمتیں فراہم کرتا ہے بلکہ کارپوریٹ سیکٹر میں داخلے کے متمنی انڈر گریجویٹس کو پیشہ وارانہ اہلیت سے بہرہ ور کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ملک کے تمام ضلعوں میں امپلائمنٹ گائیڈنس سینٹر قائم کرنا ہمارے مقاصد میں شامل ہے۔
ریلائنس انٹرٹینمنٹ گروپ سی آئی او ڈاکٹر سیّد پیرزادہ نے اس بارے میں  کہا کہ کووڈ-19 وباء کے دوران اے ایم پی کے ساتھ شراکت داری اور امپلائمنٹ ٹریننگ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو پیشہ وارانہ اہلیت کی تربیت کیلئے اپنی خدمات پیش کرنا میرے لئے خوش قسمتی ہے۔
جامعیہ ملیہ اسلامیہ کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر(TPO) پروفیسر ڈاکٹر ریحان خان نے کہا کہ یہ اس پورٹل کو جاری کئے جانے کا ایک موزوں اور مناسب موقع ہے جبکہ کرونا وباء کے سبب متعدد لوگ ملازمتوں سے محروم ہوچکے ہیں اور نوجوان گریجویٹ طلباء ملازمت کیلئے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
مشہور آئی ٹی کمپنی ٹی سی ایس کے ٹیلنٹ ایکویزیشن اینڈ لیڈر شپ ہائرنگ  ہیڈ مسٹر فیض سرکھوت نے کہا کہ یہ پہل   مختلف شعبوں سے وابستہ متحرک افراد کے یکجا ہونے اور جادوئی تبدیلی لانے کی سعی کرنے کی ایک عمدہ مثال ہے۔
اے آئی ایف کے امپالئمنٹ اسسٹنٹ سیل ہیڈ اور AmpowerJobs.com منظر عام پر لانے میں اہم کردار ادا کرنے والے مسٹر افتخار بڈکر نے تقریب کے دوران پورٹل کو لائیو کیا۔ انہوں نے اس ویب سائیٹ کے سہل اور آسان آپریٹنگ سسٹم کی وضاحت کی اور کارپوریٹس، پلیسمنٹ ایجنسیوں اور بھرتی کنندگان سے درخواست کی کہ وہ اپنی ملازمتیں اس پورٹل پر پوسٹ کریں کیونکہ ملازمت کے متلاشی لوگوں کے علاوہ یہ ان کیلئے بھی مفت ہے۔یہ پورٹل مکمل طور پر سماج اور قوم کے مفاد کیلئے بنایا گیا ہے۔
 اے ایم پی کے پراجیکٹ ہیڈ رزاق شیخ نے اس تقریب کے مہمانان اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ پوری ٹیم کی خوش قسمتی ہے کہ اس ویب سائٹ پر لانچ کے موقع پر ہی 6000 سے زائد 100 فیصد تصدیق شدہ ملازمتیں پوسٹ کی گئی ہیں۔ اس پورٹل کے ذریعے ملازمتیں فراہم کرنے کے علاوہ تربیت دینا بھی ہمارا اہم مقصد تھا۔
عامر ادریسی نے اس پورٹل کے لئے بیش بہا خدمات انجام دینے والی ٹیم کے اراکین جنرل سکریٹری شعیب سیلیا، شاہد حیدر ای اے سی رکن اور دیگر افراد کا خصوصی شکریہ اد اکیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات مواقع پیدا کرتی ہیں اور کرونا وباء نے نئے مقاصد کو متعارف کرانے میں مدد کی ہے۔ آن لائن منعقد کی گئی اس افتتاحی تقریب میں 500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ نوجوانوں اور بے روز گاروں کی مدد لئے اس پورٹل کا آغاز کئے جانے پر مہمانان نے AMP India Foundation ذمہ داران و اراکین کی تعریف کی۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS