سرینگر(صریر خالد،ایس این بی):سرحدی حفاظتی فورس یا بی ایس ایف نے پاکستان کی حالیہ گولہ باری کو بدترین قرار دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے بھاری ہتھیار استعمال کرنے کا انکشاف کیا ہے۔تاہم بی ایس ایف نے ’’دندان شکن جواب‘‘دیکر پڑوسی ملک کے فوجی کیمپ،’’دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ‘‘اور اسلحہ ڈیپو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں جمعہ کو پاکستانی گولہ باری میں دیگر چھ فوجی و سیول افراد کے ساتھ ساتھ ہلاک ہوئے ایک بی ایس ایف اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کی ایک تقریب کے دوران فورس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی)برائے کشمیر راجیش مشرا نے کئی سنسنی خیز باتوں کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سے قبل بھی ’’بلا اشتعال فائرنگ‘‘کرتا آیا ہے لیکن اب کی بار اس نے بھاری اور جدید ہتھیار استعمال کئے جسکی وجہ سے اِس جانب سیول اور فوجی اثاثوں کو خاصا نقصان پہنچا۔
آئی جی بی ایس ایف نے کہا کہ پاکستانی فوج نے انتہائی شدید گولہ باری کی اور کئی عام شہریوں کو مارا یا زخمی کردیا تاہم فورسز نے اسکا بھرپور جواب دیا یہاں تک کہ ،بقولِ اُنکے،پاکستان کے کئی فوجی کیمپ، لانچنگ پیڈ اور اسلحہ خانے تباہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایل او سی کے قریب سبھی لانچنگ پیڈ ابھی سرگرم ہیں اور بھاری برفباری ہونے سے قبل 300جنگجو اس پار دھکیلے جانے کیلئے تیار بٹھائے گئے ہیں۔ البتہ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف اور دیگر حفاظتی ایجنسیوں کی پوری تیاری ہے اور وہ دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
یاد رہے کہ جمعہ کو پاکستان نے شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے مختلف سیکٹروں میں شدید گولہ باری کی تھی جسے انڈین آرمی نے بلا اشتعال شرانگیزی قرار دیا ہوا ہے۔گولہ باری کی زد میں آکر درجنوں گھروں اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے اور ایک سات سالہ کمسن سمیت قریب نصف درجن عام شہری مارے گئے ہیں۔
اب کی بار تو پاکستان نے حد ہی کردی،بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS