پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا ہے کہ ریاست میں بجلی کا بحران اور ضروری اشیاء کی سپلائی نہ ہونے کے سبب سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور صدر رام ناتھ کووند انھیں ملنے کا وقت نہیں دے رہے ہیں اس لیے وہ بدھ کے روز صبح بابائے قوم گاندھی جی کی سمادھی پر اراکین اسمبلی کے ساتھ دھرنا دیں گے۔
کیپٹن سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت ضروری اشیاء کی سپلائی کے لیے مال گاڑیوں کی آمد و رفت کی اجازت نہیں دے رہی ہے جس سے ریاست میں سنگین مسائل پیدا ہو گئے ہیں اور سبزی اور دیگر اشیاء خوردنی کی سپلائی بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو ریاست کے بحران سے آگاہ کروانے کے لیے وہ اراکین اسمبلی کے ساتھ راج گھاٹ پر علامتی ریلے دھرنا دیں گے۔ دہلی میں فعہ 144 نافذ ہونے کے سبب چار۔چار افراد کے گروپ میں پنجاب سے راج گھاٹ جائیں گے اور دھرنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود صبح ساڑھے 10 بجے پہلے جتھے میں وہاں جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے ریاست میں دیگر پارٹیوں سے دوبارہ اپیل کی کہ وہ ریاست کے حق میں دھرنا میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں یوریا اور اشیاء خوردنی کی سپلائی کی صورتحال خطرناک ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرہ کرنے والے کسانوں نے مال گاڑیوں کی آمد و رفت کی اجازت دے دی ہے لیکن ریلوے ابھی بھی ان ٹرینوں کو نہیں چلا رہی ہے۔