پنت ٹی 20 سے باہر ، راہل اندر ،زخمی روہت کو نہیں ملی جگہ

0

 وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پنت کو آسٹریلیا کے دورے کے لئے اعلان کردہ ہندوستان کی ٹی 20 ٹیم  سے باہر کردیا گیا ہے ، جبکہ آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز لوکیش راہل کو ٹی 20 اور ون ڈے ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ زخمی اوپنر روہت شرما کو دورہ آسٹریلیا کے لئے تینوں ٹیموں میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ فاسٹ بالر محمد سراج ٹیسٹ ٹیم اور پراسرار اسپنر ورون چکرورتی نیا چہرہ ہیں۔
سنیل جوشی کی زیرقیادت سینئر سلیکشن کمیٹی نے پیر کو نومبر سے آسٹریلیا کے دورے کے لئے ٹی ٹوئنٹی ، ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیموں کا اعلان کیا۔ اس دورے میں ہندستان کوتین ٹی ٹوئنٹی ، تین ون ڈے اور چار ٹیسٹ کھیلنے ہیں۔ ہندوستانی سلیکٹرز نے اس ٹور کے لئے کل 28 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جو تینوں فارمیٹس میں حصہ لیں گے۔راہل بھی ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں جبکہ ٹی 20 اور ون ڈے میں انہیں نائب کپتان اور وکٹ کیپر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ چائنا مین بولر کلدیپ یادو ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ نووارد فاسٹ بولر محمد سراج کو دسمبر جنوری میں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اوپنر شکھر دھون اور ہاردک پانڈیا دونوں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیموں میں واپس آئے ہیں۔
سلیکٹرز نے زخمی اوپنر روہت شرما اور فاسٹ بولر ایشانت شرما کو ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔ دونوں کھلاڑی آئی پی ایل کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ ایشانت آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ روہت اپنی ٹیم ممبئی انڈینز کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہیں جہاں آئی پی ایل چل رہا ہے۔ زخمی بھونیشور کمار بھی اس دورے سے باہر ہیں۔ فاسٹ بولر بھونیشور آئی پی ایل سے ہندوستان واپس آگئے ہیں۔ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہت اور ایشانت کی پیشرفت پر مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ روہت کو گذشتہ ہفتے ہیمسٹرنگ کی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایشانت ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ہندوستان واپس آگئے ہیں ۔ ایشانت تب سے بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہیں ۔ سلیکٹرز نے اس دورے کے لئے چار اضافی بولروں کو میدان میں اتارا ہے – کملیش ناگرکوٹی ، کارتک تیاگی ، ایشان پوریل اور ٹی نٹراجن جو اس ٹور پر ہندوستانی ٹیم کے ساتھ سفر کریں گے۔
سڈنی اور کینبرا ہندوستان کے اس دورے میں محدود اوورز کی میزبانی کریں گے۔ متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل میں کھیلنے والے ہندوستانی اور آسٹریلیائی کھلاڑی آسٹریلیا پہنچیں گے اور سڈنی کے قرنطین مراکز میں قیام کریں گے اور قریب کی تربیت کی سہولیات میں پریکٹس کرنے کا موقع حاصل کریں گے۔ پہلے دو ون ڈے میچ 27 اور 29 نومبر کو سڈنی میں کھیلے جائیں گے ، جبکہ تیسرا ون ڈے یکم دسمبر کو اور پہلا ٹی ٹوئنٹی 4 دسمبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا۔ ٹیمیں 6 اور 8 دسمبر کو دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے سڈنی واپس آئیں گی۔ڈے نائٹ ٹیسٹ گلابی گیند کے ساتھ ایڈیلیڈ میں 17-21 دسمبر تک ہوگا۔اگر کورونا کی وجہ سے میلبورن میں باکسنگ ٹیسٹ نہیں ہوتا ہے تو اسے ایڈیلیڈ میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کرانے کا آپشن بھی ہوگا ۔ میلبورن (26–30 دسمبر) میں دوسرا ٹیسٹ ، سڈنی (7۔11 جنوری) میں تیسرا ٹیسٹ اور برسبین (15–19 جنوری) میں چوتھا ٹیسٹ ہوگا۔
سنجو سیمسن اور پراسرار اسپنر ورون چکرورتی کو بھی اس دورے کے لئے جگہ مل گئی ہے۔ دونوں کو آئی پی ایل میں عمدہ کارکردگی کا فائدہ ملا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین سیمسن اور چکرورتی کو ٹی 20 ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ چکرورتی اس آئی پی ایل میں میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔پنت کو پہلے ہی ون ڈے اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا اور اب سلیکٹرز نے انہیں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے بھی باہر کردیا ہے جس سے اگلے سال کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے ان کی امیدوں کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ وہ ٹیسٹ ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہیں۔ اس آئی پی ایل میں پنت کی بلے بازی بہت مایوس کن رہی ہے۔راہل کو محدود اوورز میں پہلی پسند وکٹ کیپر برقرار رکھا گیا ہے جبکہ سیمسن دوسرے منتخب وکٹ کیپر رہیں گے۔ راہل اس آئی پی ایل سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے ہیں۔
ہندوستانی ٹیمیں:
ٹی ٹوئنٹی: وراٹ کوہلی (کپتان) ، شکھر دھون ، مینک اگروال ، لوکیش راہل (نائب کپتان اور وکٹ کیپر) ، شریس ایئر ، منیش پانڈے ، ہاردک پانڈیا ، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر) ، رویندر جڈیجا ، واشنگٹن سندر ، یجویندر چہل ، جسپریت بمراہ ، محمد سمیع ، نودیپ سینی ، دیپک چاہر ، ورون چکرورتی۔
ون ڈے: وراٹ کوہلی (کپتان) ، شکھر دھون ، شبھمن گل ، لوکیش راہل (نائب کپتان اور وکٹ کیپر) ، شریئس ایئر ، منیش پانڈے ، ہاردک پانڈیا ، مینک اگروال ، رویندر جڈیجا ، یجویندر چہل ، کلدیپ یادو ، جسپریت بمراہ ، محمد سمیع ، نودیپ سینی ، شاردل ٹھاکر۔
ٹیسٹ: وراٹ کوہلی (کپتان) ، مینک اگروال ، پرتھوی شا ، لوکیش راہل ، چیتشور پجارا ، اجنکیا رہانے (نائب کپتان) ، ہنوما وہاری ، شبھمن گل ، ردھمن ساہا (وکٹ کیپر) ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر) ، جسپریت بمراہ ، محمد سمیع ، اومیش یادو ، نودیپ سینی ، کلدیپ یادو ، رویندر جڈیجا ، روی چندرن اشون ، محمد سراج۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS