راجستھان میں وزیر اعلی اشوک گہلوت کی قیادت والی کانگریس حکومت نے 50 فیصد سے زائد عوامی منشور میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر دیا ہے ۔
شہری ترقی کے وزیر شانتی دھاریوال ، وزیر صحت ڈاکٹر رگھو شرما اور وزیر تعلیم گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آج یہاں عوامی منشور کا رپورٹ کارڈ جاری کیا۔
مسٹر گہلوت نےطبیعت خراب ہونے کی وجہ سے اس پروگرام میں حصہ نہیں لیا ۔ اس موقع پر شری دھاریوال نے بتایا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت کے قیام سے قبل عوام کے ساتھ عوامی منشور کے ذریعے 501 وعدے کئے گئے ۔ گزشتہ 21 ماہ میں کانگریس حکومت نے ان میں سے 252 وعدوں کو پورا کیا ہے جبکہ 173 وعدوں پر کام کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا کام کیا ہے۔ تاہم عالمی وبا کی وجہ سے کچھ رکاوٹیں پیدا ہوئیں ، لیکن وہ تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے قول و فعل میں فرق نہیں ہے۔
اس موقع پرریاستی کانگریس کے صدر اور وزیر تعلیم گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے بتایا کہ صرف 21 ماہ میں ہی ریاست میں 501 وعدوں میں سے 252 کو پورا کرنا بڑی کامیابی اور خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں کسانوں کے لئے عوامی منشورمیں کئے گئے وعدوں سے بڑھ چڑھ کر کام کیا گیا ہے ۔