کسان مزدور کو کمزورکرنا حکومت کا ہدف:راہل

0

نئی دہلی، (یواین آئی)
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کسان اور مزدور اس ملک کی ریڑھ ہیں لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی مودی حکومت نے نوٹ بندی سے لے کر زراعت سے متعلق قانون بنانے تک اسے کمزور کرکے ملک کی جائیداد ہڑپنے کی کوشش کی ہے ۔
راہل گاندھی نے منگل کو ملک کے مختلف حصوں کے کسانوں کے ساتھ بات چیت کا ایک ویڈیو جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ مودی حکومت نے نوٹ بندی، کمزور جی ایس ٹی اور کورونا کے دوران ملک کے کسان اور مزدوروں پر حملہ کرکے انہیں کمزور کرنے کا کام کیا ہے ۔ نوٹ بندی کے وقت جب اس طبقہ کو پیسہ دینا چاہئے تھا تو اس کے بجائے پیسہ صرف 3-4 صنعت کاروں کو دیا گیا۔ ان کی آمدنی بڑھتی گئی، کسان کی آمدنی کم ہوتی گئی۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ ’کسان اور مزدور ملک کی ریڑھ ہیں اور مودی حکومت کا ہدف اسی ریڑھ کی ہڈی کو توڑنا ہے ۔ زراعت سے متعلق حال ہی میں پاس 3 قوانین اور نوٹ بندی اور جی ایس ٹی میں فرق نہیں ہے ۔ حکومت نے آپ کے پیر پر کلہاڑی ماری ہے ۔ اب چھرا گھونپ دیا ہے۔ زراعت سے متعلق اس قانون کی مخالفت کرنا ہی پڑے گا۔ اس کی مخالفت صرف کسانوں کے لئے نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کے لئے ضروری ہے۔‘
کانگریس لیڈر نے کہاکہ کسان کی آواز میں بہت دم ہے۔ کسان کی آواز نوجوانوں، فوج، پولیس میں ہر جگہ ہے۔ اسی آواز کے بل پر ہندوستان کو آزادی ملی تھی۔ کسان مزدور کو کمزور کرکے اس حکومت کا ہدف ہندوستان کی ریڑھ توڑ کر ملک کی جائیداد پر قبضہ کرنے کا ہے ۔ راہل گاندھی نے کہاہے کہ بلیک منی کے خلاف لڑائی کی بات جھوٹی تھی اور اس کا ہدف غیرمنظم شعبہ پر حملہ کرنا تھا۔ جی ایس ٹی کا بھی یہی ہدف تھا اور ان 3 سیاہ قوانین سے کسانوں کا استحصال ہوگا۔ یہ سیاہ قانون کسان کی فصل کی کم از کم سپورٹ قیمت بھی یقینی نہیں بناتے ہیں اورکسان اپنی فصل کے کم از کم سپورٹ قیمت کے سلسلے میں فکرمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا بھی کسانوں کے ساتھ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے کسانوں کی لڑائی شروع کی تو اس کے بدلے میڈیا نے ان پر حملہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے زمین کے اکویزیشن کے خلاف لڑائی لڑی۔ میں اڑ گیا اور وہیں سے میڈیا نے مجھ پر حملہ شروع کردیا۔ سارے حملے میں نے جھیلے۔‘
کانگریس پارٹی نے بھی اپنے ٹویٹر پر راہل گاندھی کی بات کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ بی جے پی کسان کی زمین ہڑپنے والے آرڈیننس لے کر آئی تو کانگریس نے اس کے خلاف لڑائی لڑی۔ صنعت کاروں کے میڈیا نے اسی دن سے راہل گاندھی پر حملہ شروع کردیا کیونکہ راہل گاندھی نے صنعت کاروں کے زمین ہڑنے کے خواب کو چکنا چور کردیا تھا۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS