تین ہفتوں کے بعد نیچے آںے کے اگلے ہی دن کرونا مریضوں کا گراف پھر بلند ہونے لگا، عوام کی بے پرواہی وائرس کو قابو نہیں کرنے دیتی ہے!

    0

    سرینگر(صریرخالد،ایس این بی):وادیٔ کشمیر کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں محض ایک دن تخفیف ہونے کے بعد آج تازہ مریضوں کا گراف ایک بار پھر بلند ہوا ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ لوگوں کی جانب سے اس بد ترین وائرس کو سرسری لئے جانے کی وجہ سے یہ ابھی تک قابو نہیں ہو پارہا ہے۔
    پیر کو ایک سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 846 مریض سامنے آئے ہیں۔یہ لگاتار تین ہفتوں کے بعد پہلی بار تھا کہ جب جموں کشمیر میں چوبیس گھنٹوں کے دورانیہ میں ایک ہزار سے کم نئے مریض سامنے آئے تھے۔بیان میں ان مریضوں کی جو تفصٰلات بتائی گئی تھیں ان کے مطابق وائرس پورے جموں کشمیر میں موجود تو ہے تاہم تین ہفتوں کے بعد پہلی بار مریضوں کی تعداد میں دو اڈھائی سو کی کمی ایک خوشگوار اور حوصلہ افزاٗ بات تھی۔حالانکہ محکمۂ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یہ ضرور کہا تھا کہ مریضوں کی تعداد میں ہونے والی اس تخفیف کو بیماری کے خلاف جاری لڑائی میں فتح سے تعبیر کرنا قبل از وقت ہوگا تاہم انہوں نے اسے حوصلہ افزا قرار دیا تھا۔
    کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی آںے کے اشارے تاہم ایک رات سے زیادہ تک باقی نہیں رہ سکے کیونکہ منگل کی شام کو سرکاری ذرائع نے جو اعدادوشمار بتائے ہیں انکے مطابق تازہ مریضوں کی تعداد کا گراف ایک بار پھر بلند ہونے لگا ہے۔ان ذرائع کے مطابق سابق ریاست کے مختلف علاقوں سے چوبیس گھنٹوں کے دوران 1081 تازہ معاملات سامنے آئے ہیں ۔نئے سامنے آئے مریضوں میں سب سے زیادہ 313جموں سے اور 222 سرینگر سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ دیگر سبھی اضلاع سے بھی کئی کئی مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ قریب گیارہ سو نئے معاملات کے سامنے آنے کے بعد جموں کشمیر میں بدترین وباٗ کا شکار ہونے والوں کی تعداد  74 ہزار سے اوپر ہوچکی ہے۔
    وبائی مرض کا شکار ہونے والوں کی تعداد کے پھر بڑھ جانے پر بات کرتے ہوئے محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ’’یہ سب غیر متوقع نہیں ہے۔ہاں گذشتہ روز مریضوں کی تعداد میں ہلکی سی کمی ایک حوصلہ افزاٗ بات تو تھی لیکن اسکا مطلب یہ نہیں لیا جاسکتا تھا کہ بیماری ختم ہوچکی ہے‘‘۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اگر لوگ قابلِ ضرورت حد تک سنجیدہ ہوکر ان سبھی احتیاطی تدابیر کا لحاظ رکھتے کہ جو ماہرین نے تجویز کی ہوئی ہیں تو صورتحال میں یقیناََ حوصلہ افزاٗ تبدیلی آسکتی ہے۔
    کرونا مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے تعینات ایک جونئیر ڈاکٹر نے کہا کہ بار بار کی نصیحتوں اور بہتر جانکاری ہونے کے باوجود بھی لوگ (کرونا) وائرس کے حوالے سے بڑے بے پرواہ ہوگئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مریضوں اور اس بیماری کے بہانے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔
     
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS