مدنپورکھادر قبرستان اور شمشان گھاٹ کا گیٹ کوڑے دان میں تبدیل

0

نئی دہلی (انوارالحق ؍ایس این بی)
مدنپورکھادر فیز 3 میںسرکاری قبرستان اور ہندوؤں کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے سرکاری شمشان گھاٹ ہے اور یہاں پر اکثرو بیشتر مسلمانوں کی تدفین اور ہندوؤں کی آخری رسومات ادا کی جاتی ہے ،لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ایس ڈی ایم سی شمشان گھاٹ اور، قبرستان انتظامیہ کمیٹی کی لاپروائی سے قبرستان اور شمشان گھاٹ کے گیٹ کے سامنے لوگوں نے کوڑے پھینک کر سڑک کو کوڑے دان میں تبدیل کردیاہے۔ قبرستان کے پاس بکھرے ہوئے کوڑے اور غلاظت کی وجہ سے ہرطرف تعفن اور گندگی پھیلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا قبرستان اور شمشان گھاٹ کے اندرجانا اور اس کے سامنے سے گزرنا دشوار ہوگیاہے۔
تفصیلات کے مطابق مدنپور کھادر میں دہلی سرکار نے 2002 میں جھگی بستی جے جے کالونی بسائی تھی ۔ یہاں پرمسلمانوں اور ہندووں کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے دہلی سرکارنے 2006 میں قبرستان اور شمشان گھاٹ کے لئے بھی زمین آلاٹ کی تھی،جب سے قبرستان اور شمشان گھاٹ بنائی گئی ہے تب   سے ہی یہاں پر صفائی وستھرائی کامعقول انتظام نہیں ہے۔ ا س کے گیٹ کے بالکل سامنے سڑک پرکارپوریشن کا کوڑے دان ہے۔ کوڑے دان کے آس پاس کئی کلومیٹر تک کوڑے اور غلاظت پھیلی ہوئی ہے۔گندگی کی وجہ سے وہاں پر خنزیر اور دیگر جانور منڈلاتے رہتے ہیں۔کوڑے کی تعفن کی وجہ سے لوگوں کا قبرستان اور شمشان گھاٹ کے اندر داخل ہونااور اس کے سامنے سے گزرنا بے حد مشکل ہوگیا ہے۔ مقامی لوگوںنے کارپوریشن ، شمشان گھاٹ اور قبرستان انتظامیہ کمیٹی پر ا لزام لگاتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن کی جانب سے صفائی پر مامور عملہ کوڑے دان کی صفائی پر بالکل توجہ نہیں دے رہے ہیں اور نہ ہی شمشان گھاٹ اور قبرستان انتظامیہ کمیٹی اس کی صفائی وستھرائی کے تئیں سنجیدہ ہے ۔یہی وجہ ہے کہ شمشان گھاٹ اور قبرستان کے گیٹ کے سامنے پوری سڑک کوڑے دان میں تبدیل ہوگئی ہے۔ مقامی لوگوں نے شمشان گھاٹ اور قبرستان انتظامیہ کمیٹی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کی قبرستان اور شمشان گھاٹ کی دیکھ بھال اور اس کی صفائی وستھرائی کا خیال رکھنا انتظامیہ کمیٹی کی ذمہ داری بنتی ہے ۔ اپنی ذمہ داری سے پہلوتہی کرنا غیر مناسب اور بہت ہی افسوسناک ہے۔ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ فوری طورپر قبرستان اور شمشان گھاٹ کے گیٹ سے کوڑے دان کو دوسری جگہ منتقل کیا جائے تاکہ قبرستان اور شمشان گھاٹ میں جانے والے لوگوں کو تعفن سے نجات مل سکے۔
وہیں دوسری طرف قبرستان کمیٹی کے جنرل سکریٹری مولانا عبد الرحمن نے اپنے اوپر لگے الزامات کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ قبرستان کی صفائی وستھرائی کے تئیں انتظامیہ کمیٹی ہمیشہ فعال رہی ہے۔ قبرستان کی باؤنڈری اورقبرستان کے سامنے سے کوڑے دان کو ہٹانے کے لئے انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے مقامی ایم ایل اے اور مقامی کونسلر وغیرہ کو کئی بارلیٹر جاری کیا گیا لیکن انھوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ 
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS