’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ ‘اسکیم کے اشتہار پر خرچ ہوئے393 کروڑ

0

نئی دہلی (پی ٹی آئی)
 وزارت بہبودخواتین واطفال نے منگل کو راجیہ سبھا میں بتایا کہ مرکزی حکومت نے 2014 کے بعد سے بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسکیم کے اشتہار پر 393 کروڑ روپئے خرچ کئے ۔ اس اسکیم کا مقصد بچوں کے جنسی تناسب کو بہتر بنانا ہے۔وزیر برائے خواتین اور بچوں کی بہبودا سمرتی ایرانی نے ایوان بالا کو ایک تحریری جواب میں بتایا کہ رواں مالی سال میں 17 ستمبر تک بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ سکیم کے اشتہار پر 96.71 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے اشتہار پر ، 2019-20 میں 23.67 کروڑ ، 2018-19 میں 160 کروڑ ، 2017-18میں 135.71 کروڑ ، 2016-17میں 29.79 کروڑ ، 2015-16 میں 24.54 کروڑ اور سال  2014-15 میں 18.91 کروڑ خرچ کئے گئے۔ ایرانی نے کہا کہ اگست میں ، نیشنل کونسل آف اپلائیڈ اکنامک ریسرچ (این سی اے ای آر) نے بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسکیم کا تجزیہ کیا ، جس نے لڑکیوں کے بارے میں مثبت طرز عمل کی تبدیلی کا اشارہ دیا۔ انہوں نے بتایا "(وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے مطابق) پیدائش کے وقت جنسی تناسب اسکیم کی پیشرفت کی نگرانی کے لئے ایک پیمانہ طے کیا گیا ہے۔ جنسی تناسب 2014-15 میں فی 1000 لڑکوں میں 918 تھا جو 2019-20 میں بڑھ کر 934 ہو گیا۔ اس طرح جنسی تناسب میں 16 عدد کی بہتری آئی ہے۔ "ایرانی نے کہا کہ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسکیم سے بچوں کے تناسب کو بہتر بنانے اور لڑکیوں کے تئیں لوگوں کی ذہنیت کو تبدیل کرنے کے مقصد کو پورا کرنے میں مدد ملی ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS