کورونا کے90ہزار سے زائد نئے مریض،1290ہلاکتیں

0

نئی دہلی( یواین آئی)
 ملک میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ اس جان لیوا وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد بھی بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 ہزار سے زیادہ افراد وبا سے شفایاب ہوئے ۔ ملک میں ایک دن میں کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی یہ ریکارڈ تعداد ہے ۔ تاہم افسوس کی بات یہ ہے کہ اسی عرصہ کے دوران ریکارڈ 1290 کورونا مریضوں کی موت بھی ہوئی ہے ۔مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کو مات دینے والوں کی تعداد 82961سے بڑھ کر مجموعی تعداد 39,42,361 ہوگئی ،جبکہ 1,290 متاثرہ افراد فوت ہوگئے جس سے ہلاک شدگان کی تعداد 82,066 ہوگئی۔اسی عرصہ کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے مزید 90123 نئے کیسز سے متاثرین کی مجموعی تعداد 50,20,360 ہوگئی۔صحت مند ہونے والوں کے مقابلہ میں کورونا کے نئے کیسز زیادہ ہونے سے ایکٹیو کیسز 5872 کے اضافہ سے مجموعی تعداد 9,95,933 ہوگئی ۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 19.84 فیصد ،شفایابی کی شرح 78.53 فیصد جبکہ اموات کی شرح 1.63 فیصد ہے ۔دوسری طرف دنیا بھر میں کورونا وائرس کووڈ-19سے دوکروڑ 95 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 9.35 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ کے مرکز (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، کورونا سے اب تک دنیا بھر میں 2,95,82,122 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور اب تک 9,35,124 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔عالمی سپر پاور سمجھے جانے والے امریکہ میں ، کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 66,06,561 تک جا پہنچی ہے اور اب تک 1,95,942 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔دریں اثناملک میں کورونا وائرس انفیکشن کے سلسلے میں روز کوئی نہ کوئی ریکارڈ بن رہا ہے اور ہر روز بڑی تعداد میں انفیکشن کے نئے معاملے سامنے آنے کی وجہ سے متاثرین کی تعداد 40 سے 50 لاکھ پہنچنے میں محض 11 دن لگے ۔پورے ملک میں کورونا وائرس (کووڈ-19) کی جانچ کرنے والی 1736 لیبس نے اب تک تقریباًچھ کروڑ کورونا ٹسٹ کئے ہیں۔انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی جانب سے بدھ کو جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کی جانچ کرنے والے لیبس کی تعداد میں 10کا اور اضافہ ہوگیا ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS