حیدرآباد:تلنگانہ بی جے پی یونٹ نے تلگو فلم انڈسٹری ٹالی ووڈ کے منشیات کے گٹھ جوڑ کی جامع جانچ کروانے کامطالبہ کیا کیونکہ رہیا چکرورتی کے معاملہ کے سلسلہ میں این سی بی کی جانچ کے بعد ایک اداکارہ کا نام سامنے آیا ہے۔قبل ازیں اکن سبھروال آئی پی ایس نے منشیات کے معاملہ کی نہ صرف ٹالی ووڈ بلکہ اسکولس اور کالجس میں اثر کی جامع جانچ کی تھی۔اُس وقت کئی بڑے نام خبروں کی سرخیوں میں تھے تاہم کسی کے ساتھ بھی انصاف نہیں کیاگیا۔پارٹی کے ترجمان کے کرشناساگر راو نے اپنے بیان میں یہ بات بتائی۔انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ ٹالی ووڈ کی اداکارہ رکُل پریت سنگھ تلنگانہ کی برینڈ ایمبسیڈر ہیں۔وہ ریاستی حکومت کے تشہیری پروگراموں کے ذریعہ منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری پیداکررہی ہیں۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اس طرح کے معاملات اورنوجوانوں کے لئے خودساختہ اہم شخصیات و رول ماڈلس سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال کرنے والے کئی افراد،اس کے عادی اور اس کا کاروبار کرنے والے ہنوز مشہور ہیں اور دراصل یہ نوجوان نسل کے لئے خراب رول ماڈل بن گئے ہیں۔یہ نادانستہ طورپرمنشیات کے عادی بنانے کے لئے کئی نوجوان طلبہ اور پیشہ وروں کی قیادت کررہے ہیں جس سے ان کی زندگی تباہ ہورہی ہے۔بی جے پی کے ترجمان اعلی نے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو سے مطالبہ کیا کہ وہ حیدرآباد میں منشیات کی لعنت کی سنجیدگی کے ساتھ جانچ کروائے جس سے ریاست کے نوجوانوں کی زندگیاں تباہ ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا”میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور مرکزی مملکتی وزیرداخلہ کشن ریڈی کو بھی مکتوب روانہ کررہا ہوں اور ان سے درخواست کررہا ہوں کہ وہ ریاست میں منشیات کی اسمگلنگ کی این سی بی کے ذریعہ سنجیدگی کے ساتھ جانچ کروائے“۔