جی-20 کے ممالک ساتھ مل کر کووڈ-19 کے مسائل کا حل تلاش کریں: سنتوش گنگوار

0

نئی دہلی، : مرکزی وزیر محنت و روزگار سنتوش گنگوار نے جی-20 کے تمام رکن ممالک سے کووڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔
مسٹر سنتوش گنگوار نے جمعرات کی دیر شام ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جی-20 ممالک کے وزراء محنت و روزگار کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ- 19 کی عالمی وبا نے کام کرنے کا طور طریقہ بدل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے آجروں کو مزدوروں کی مشکلات حل کرنے کے واسطے مزدوروں کو تنخواہ دینے کے لئے مراعات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر مزدوروں کو فوری مدد فراہم کرنے کے لئے عارضی کیمپ لگائے گئے تھے اور خوراک اور ادویات کی فراہمی کا انتظام کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں'ایک ملک ایک راشن کارڈ'اسکیم شروع کی گئی ہے۔
جی-20 ممالک کے اجلاس میں کووڈ ۔19 اور اس کے مضر اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا اوراجلاس کے منشور میں مزدوروں پر کووڈ 19 کے اثرات کو کم کرنے کے اقدامات کا ذکر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ نوجوانوں کی ترقی کے لئے جدت کاری، نئے کاروبار اور صنعتوں کی حوصلہ افزائی بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں منظم شعبوں کے مؤثر اور مالی طور پر قابل عمل نظام کے تحت سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو بڑھایا گیا ہے۔ غیر منظم شعبے میں مزدوروں کے سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ایک رضاکارانہ پنشن اسکیم متعارف کروائی گئی ہے جس میں حکومت کا بھی مساوی حصہ ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS