نئی دہلی :جھگی جھونپڑی والوں کو میونسپل کارپوریشن کے نوٹس سے عام آدمی پارٹی کافی ناراض ہے۔عام آدمی پارٹی کے ترجمان اور ممبراسمبلی راگھو چڈھا نے اس معاملے کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کے رہتے انہیں کوئی بے گھر نہیں کرسکتا۔ضرورت پڑی تو وہ اس معاملے کو لے کر سپریم کورٹ جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کچی آبادیوں میں رہنے والے لاکھوں لوگوں کی جھونپڑےوں کو توڑنے کی سازش کررہی ہے اور اسے مسمار کرنے کے لئے ان کے گھروں پر نوٹس چسپاں کر رہی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہیں بے گھر کردیا جائے گا ، ان کی کچی آبادیوں کو توڑ دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کارپوریشن کے نوٹس کو بھی پھاڑ ڈالا۔ چسپاں کیے گئے نوٹس میں لکھا ہے کہ 11 ستمبر کو آپ کا مکان منہدم کردیا جائے گا۔ اسی طرح ایک دیگرکچی آبادی کے نوٹس پر لکھا ہے کہ آپ کے گھر کو 14 ستمبر کو منہدم کردیا جائے گا۔ دہلی کے تقریباً ًہر کچی آبادی والے علاقوں میںبی جے پی یہ نوٹس لگا رہی ہے۔’آپ‘کے رکن اسمبلی نے کہا کہ اروند کجریوال سرکار کی ہر دھڑکن میں جھگی جھونپڑی والوں کی فکر ہے۔ ان کی یہ پہلی سرکار ہے ،جو جھگی جھونپڑی والوں کو اپنا خاندان مانتی ہے۔راگھو چڈھا نے پورے معاملے کو جذباتی بناتے ہوئے کہا کہ کجریوال کے رہتے ہوئے ایک بھی جھگی والے کو کھرونچ تک نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی انہیں یقین دہانی کراتی ہے کہ وہ ہر جھگی والے کے ساتھ ہے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو قانون کا سبق پڑھاتے ہوئے کہا کہ بازآباد کاری سے پہلے کسی کو بے گھر کرنا غلط ہے۔یہ نوٹس غیر قانونی اور غیر آئینی ہے اور ہر کسی کو کچی آبادی کے بدلے میں مکان دیئے بغیر کچی آبادی کو توڑنے نہیں دیا جائے گا۔کسی کو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، ان کے کنبے کا سب سے بڑا بیٹا اروند کجریوال ان کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کارپوریشن میں بر سر اقتدار بی جے پی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ان کی پارٹی سڑک سے لے کر عدالت تک لڑائی لڑے گی۔ راگھو چڈھا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اس کے لئے پالیسی بنا رہے ہیں کہ بی جے پی کے اس منصوبہ کو کیسے روکا جائے۔بی جے پی جن لوگوں کو بے گھر کرنا چاہتی ہے ،وہ اس ملک کے باشندے ہیں ۔راگھو چڈھا کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے تغلق آباد کی جھگی بستی میں مکانات پر نوٹس چسپاں کرکے انہیں 11ستمبر اور 14ستمبر کو توڑنے کی بات کہی ہے۔راگھو چڈھا نے کہا کہ یہ نوٹس انسانیت کے خلاف ، آئین کے خلاف ہے۔ یہ نوٹس ہندوستان میں رہنے والے ہر شہری کے قابل احترام زندگی گزارنے کے آئینی حق کے خلاف ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS