نئی دہلی:الیکشن کمیشن نے بہار اسمبلی انتخابات کے وقت ہی مختلف ریاستوں کی 65 نشستوں کے لئے ضمنی انتخاب کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمیشن نے جمعہ کو ایک ریلیز میں کہا کہ مختلف ریاستوں کی اسمبلیوں کی 64 نشستیں اورایک پارلیمانی سیٹ پرضمنی الیکشن بہار اسمبلی الیکشن کے ساتھ کرائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 29 نومبر سے پہلے بہار اسمبلی کے الیکشن کا عمل پورا ہونا ہے۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آج ان سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں کمیشن کی میٹنگ ہوئی اور اس میں مختلف ریاستوں کے چیف سکریٹری، چیف الیکشن حکام وغیرہ کی رپورٹ اور مشورے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وہاں ہونے والی بارش کے علاوہ کووڈ۔19 کو بھی ذہن میں رکھ کر فیصلہ کیا گیا کہ بہار اسمبلی کے الیکشن کے آس پاس ہی ان سیٹوں کے لئے بھی ضمنی انتخابات ہوں گے۔ کمیشن نے کہا کہ کمیشن مناسب وقت پر جلد ہی بہار اسمبلی الیکشن اور ان سیٹوں کے ضمنی انتخابات کا بھی اعلان کرے گا۔