ایم ای آئی ایس میں فوری تبدیلی سے برآمد کرنے والے تاجر متاثر ہوں گے:فیو

0

نئی دہلی :برآمد کنندگان کی تنظیم،اڈین ایکسپورٹرز فیڈریشن (فیو)نے برآمد کرنے والے تاجروں  کے لیے مرچنڈائز ایکسپورٹس فرام انڈیا اسکیم(ایم ای آئی ایس)میں اچانک تبدیلی پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے برآمدات  میں اہم تعاون کرنے والے تاجر متاثر ہوں گے۔
فیو کے چیئر مین شرد کمار صراف نے بدھ کو یہاں کہا کہ اسکیم میں دوکروڑ روپے کے فائدہ کی حد مقرر کردی گئی ہے۔اس سے برآمد کرنے والے تاجر بری طرح متاثر ہوں گے۔حالانکہ ان کی تعداد بہت زیادہ نہیں ہوگی لیکن یہ کل برآمدات میں اہم تعاون کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو دوکروڑ روپے کی حد پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
صراف نے کہا کہ ستمبر اور دسمبر 2020کے دوران پورے کیے جانے والے ایکسپورٹ آرڈر بہت پہلے طے ہوچکے ہیں۔ان کی قیمتیں اس اسکیم کو نظر میں رکھ کر مقرر کی گئی ہیں۔اس لیے حکومت کے فائدہ کی حد مقرر کرنے سے برآمد کنندگان کو مالی نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایم ای آئی ایس کو 31 مارچ 2021 تک بڑھایا جانا چاہیے کیونکہ یہ موجودہ خارجہ تجارت کی پالیسی سے جڑی ہوئی ہے۔
غیر ملکی تجارت ڈائرکٹوریٹ نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ اس ایم ای آئی ایس کے تحت کل فائدہ یکم ستمبر سے 31 دسمبر 2020تک کی مدت کے دوران کی گئی برآمدات پر دوکروڑ روپے سے زیادہ نہیں ہوگا۔اس کے علاوہ جس تاجر نے یکم ستمبر سے قبل ایک سال کی مدت کے دوران کوئی برآمد نہیں کی ہے یا ستمبر یا اس کے بعد اس اسکیم میں شامل ہوئے ہیں،وہ کوئی بھی دعویٰ پیش کرنے کے حق دار نہیں ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS