بی جے پی سوشل میڈیا فیس بک، وہاٹس ایپ کو سیاسی مفادات کے لئے استعمال کرتی ہے، ٹائم میگزین کا انکشاف

0

نئی دہلی(ایجسنی): کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)اپنے سیاسی مفادات کے لئے سوشل میڈیا فیس بک، وہاٹس ایپ کو استعمال کرتی ہے اور ان کی ملی بھگت کا انکشاف امریکی ٹائم میگزین نے کیا ہے ۔راہل گاندھی کے ساتھ ہی، کانگریس پارٹی نے اس ملی بھگت کو جمہوریت کے لئے سنگین خطرہ قراردیا ہے ۔ پارٹی نے وہاٹس ایپ کے مالک مارکس زوکربرگ سے شکایت کی ہے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ اس ملی بھگت سے ہندوستانی جمہوریت کو ایک سنگین چیلنج درپیش ہے اس لیے اس ساز باز کی تحقیقات ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ سے شائع ہونے والے وال اسٹریٹ جرنل میں فیس بک اور بی جے پی کے مابین گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا تھا اور انہوں نے 17 اگست کو اس کی شکایت کی تھی، لیکن اب امریکی میگزین ٹائم نے بی جے پی وہاٹس ایپ کے مابین گٹھ جوڑ کا انکشاف کیا ہے ۔ اس کی اعلی سطح پر جانچ ہونی چاہئے ۔راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ امریکہ کی ٹائم میگزین میں وہاٹس ایپ بی جے پی کی ملی بھگت کا انکشاف ہوا ہے ۔ تقریباً 40 کروڑ ہندوستانی شہری وہاٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں اور اب اسے ادائیگی کی کمپنی کے طورپراس کے استعمال کرنے کی منظوری زیر غور ہے ،جس کے لئے مودی حکومت کی منظوری درکار ہے ۔ اس طرح سے بی جے پی کی وہاٹس ایپ پرمضبوط گرفت قائم ہوچکی ہے ۔
وینوگوپال نے کہا کہ ہندوستان کی حزب اختلاف کی بڑی سیاسی پارٹی ہونے کے ناطے کانگریس پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سوشل میڈیا فیس بک اور وہاٹس ایپ کے ذریعے سیاسی فائدہ اٹھا رہی ہے اور جمہوریت کو کمزور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ہندوستانی جمہوریت کے تحفظ کے لئے کام کیا ہے اور وہ کسی بھی غیر ملکی کمپنی کو اسے کمزور کرنے کے لئے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی ہے ۔ فیس بک اور وہاٹس ایپ کے جس کردار کا انکشاف ہوا ہے ،اس کی تحقیقات ہونی چاہئے اور کمپنی اس سلسلے میں جو اقدامات کررہی ہے اس سے ہندوستانی عوام کو مطلع کیا جانا چاہئے ۔دریں اثنائ، کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے ہفتہ کے روز یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ فیس بک وہاٹس ایپ اور بی جے پی کی جس ملی بھگت کا انکشاف ہوا ہے ،اس میں فیس بک اور وہاٹس ایپ کے ان اعلی اہلکاروں کا اہم کردار ہے جو بی جے پی کے چہیتے اور اس کے لیے کام کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی مہینے وال اسٹریٹ جنرل نے فیس بک اور بی جے پی کے مابین گہرے گٹھ جوڑ کا انکشاف کیا تھا اور اب ٹائم میگزین نے وہاٹس ایپ-بی جے پی کی ملی بھگت کو بے نقاب کردیا ہے ۔ اس سلسلے میں پہلے فیس بک کے اعلی ہندوستانی افسرانکھی داس کا نام سامنے آیا اور اب وہاٹس ایپ کے دوسرے آفیسر شیو ناتھ ٹھکرال کا نام سامنے آیا ہے ۔ ان دونوں کا بی جے پی سے گہرا رشتہ ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS