نیویارک : یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے 140 ویں ایڈیشن کا آغاز 31 اگست سے امریکہ میں ہوگا۔ اس سال کا دوسرا گرینڈ سلام ایونٹ ہوگا جو امریکہ کے مشہور شہر نیویارک میں شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں زور پر ہیں۔ یو ایس ٹی اے بلی بِل جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں آؤٹ ڈور ہارڈ کورٹس پر بغیر تماشائیوں کے کھیلا جائے گا۔
اس سال مارچ میں دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث جہاں پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں وہاں ٹینس کھیل کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے۔ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مارچ کے بعد ٹینس کا پہلا بڑا ایونٹ ہوگا۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہونگے۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں دفاعی چیمپئن ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال اور خواتین کے سنگلز مقابلوں کی دفاعی چیمپئن کینیڈین ٹینس سٹار بیانکا اینڈرسکیو میگا ایونٹ میں شرکت نہیں کرینگے۔
رافیل نڈال نے حفاظت کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کی ہے جبکہ بیانکا اینڈرسکیو نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر میگا ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میگا ایونٹ 31 اگست سے شروع ہوکر 13 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ واضح رہے کہ سنگلز مقابلوں کے فاتح کو 30 لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم جبکہ ڈبلز مقابلوں کے فاتحین کو 4 لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔
یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 31 اگست سے 13 ستمبر 2020نیویارک میں شروع ہوگا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS