نئی دہلی: روزنامہ راشٹریہ سہارا کے سینئر صحافی ڈاکٹرعبدالقادر شمس قاسمی کا آج یہاں مجیدیہ اسپتال میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے انتقال ہوگیا وہ گزشتہ ایک ہفتہ سے زائد سے اسپتال میں داخل تھے۔ انہیں پلازمہ بھی چڑھایا گیا تھا۔ ان کی عمر تقریباً پچاس سال کے قریب تھی، پسماندگاہ میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں ہیں۔
وہ گزشتہ تقریباَ ایک ماہ سے بیمار تھے، کئی جگہ دکھانے کے بعد مجیدیہ میں داخل کرائے گئے تھے۔وہ کورونا سے متاثر تھے جس کا پتہ بعد میں چلا،انہیں ایک ہفتہ قبل پلازمہ بھی چڑھایا گیا تھا اوراس کے بعد ان کی طبیعت میں کچھ بہتری آرہی تھی لیکن آج تقریباً ایک بجے وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ وہ صحافت کے ساتھ سماجی سرگرمیوں میں سرگرم تھے اوربہت فعال تھے۔سیمانچل کی فلاح بہبود اور وہاں کے مسائل اٹھانے کیلئے قائم سیمانچل میڈیا منچ کے نائب صدر بھی تھے۔اس کے علاوہ کئی اداروں سے وابستہ بھی تھے۔
عبدالقادر شمس دارالعلوم دیوبند کے فاضل تھے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پی ایچ ڈی کی تھی۔وہ کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے۔راشٹریہ سہارا میں خدمات انجام دینے سے پہلے وہ کئی ملی تنظیموں میں کام کرنے کے ساتھ ادارتی فرائض بھی انجام دے چکے تھے۔وہ سیمانچل کے دگرگوں حالات سے کافی پریشان رہتے تھے اور تعلیم وصحت کیلئے ادارے بھی قائم کئے تھے۔مسٹر شمس انتہائی ملنسار، با اخلاق اور ملنے جلنے والے شخص تھے۔ان کے انتقال سے اردو صحافت ایک فعال صحافی سے محروم ہوگیا ہے۔
ان کے انتقال پر صحافی برادری کے علاوہ بہار اردو اکیدمی کے سابق سکریٹری اور سابق بیورو کریٹ مشتاق احمدنوری، جوائنٹ کمشنر انکم ٹیکس اسلم حسن،مشہور ادیب حقانی القاسمی، تنظیم علمائے حق کے قومی صدر مولانا اعجازعرفی قاسمی، سیمانچل میڈیا منچ کی پوری ٹیم اور اس کے صدر اورصحافی عابد انور، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو ڈاکٹر خالد مبشر، شعبہ اسلامیات کے اسسنٹ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمدتجاروی، ہیومن چین کے صدر انجینئر محمد اسلم علیگ اور این سی پی یو ایل کے ڈاکٹر توقیر راہی وغیرہ نے زبردست رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی ہے۔
روزنامہ راشٹریہ سہارا کے سینئر صحافی ڈاکٹر عبدالقادرشمس کا انتقال، سرکردہ شخصیات کا اظہار تعزیت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS