حیدرآباد اور تلنگانہ کے کئی اضلاع میں شدید بارش، ہائی الرٹ جاری،ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں تعینات

    0

    ریاست تلنگانہ اور شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں گذشتہ تین تا چار دنوں سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ہفتہ کی شام اور اتوار کے دن بھی شدید بارش ہوئی۔ملکاجگری،سکندرآباد،ونستھلی پورم،لنگم پلی،حیات نگر،مادھاپور،لکڑی کا پُل،جوبلی ہلز،صنعت نگر،امیرپیٹ،خیریت آباد،گچی باولی،اُپل،ایل بی نگر،دلسکھ نگر،کوٹھی  کوتہ پیٹ،ملک پیٹ،سرورنگر،چمپاپیٹ، نریڈمیٹ،ای سی آئی ایل،ناگارم،جواہر نگر،کیسرا،دمائی گوڑہ،عنبرپیٹ،کاچی گوڑہ،نلہ کنٹہ،ایل بی نگر،منصورآباد،  بی این ریڈی نگر،حیات نگر،تُرکایمجال،کوکٹ پلی اور پرانا شہر کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں بھاری گراوٹ ہوگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔شہر میں ہنوز مطلع ابرآلود ہے،سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کی نکاسی گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کے ایمرجنسی اسکواڈ نے کی۔مسلسل بارش کے سبب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق آصف نگر میں 6.8ملی میٹر،شیخ پیٹ میں 6.5ملی میٹر،خیریت آباد میں 6.3ملی میٹر،مادھاپور میں 6.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گذشتہ روز شہر میں 31.6ملی میٹر بارش درج کی گئی۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود کے چارمینار میں سب سے زیادہ 54.5ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوگئی۔
    حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) کی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی تین ٹیموں کو ورنگل بھیجا گیا ہے۔ان ٹیموں میں 40اہلکار ہیں جن کے پاس خصوصی کشیتاں،لائٹنگ سسٹم،جنریٹرس،پمپس اور دیگر سامان ہے۔ان ٹیموں کی مدد مقامی بلدیہ کے اہلکار کریں گے۔ٹیم کے یہ ارکان نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کا کام انجام دیں گے۔صورتحال کی مناسبت سے خدمات میں مزیدتوسیع کی جائے گی۔
    شدید بارش کے پیش نظر تلنگانہ کے متحدہ ضلع ورنگل میں ہائی الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراوکی ہدایت پر وزیر پنچایت راج ای دیاکر راو نے کیمپ آفس سے پروت گری میں موجود اعلی عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی۔محبوب آباد میں وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راتھوڑ،رکن پارلیمنٹ ایم کویتا،ورنگل میں ارکان پارلیمنٹ بی پرکاش،پی دیاکر،ضلع پریشد کے صدورنشین، ارکان اسمبلی،ارکان کونسل،کلکٹرس،کمشنرس پولیس اور دوسروں نے شرکت کی۔اس موقع پر دیاکر راو نے کہا کہ وزیراعلی نے ان کو فون کیا اور متحدہ ضلع ورنگل میں بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلی نے آئندہ تین دنوں تک بارش کے جاری رہنے کے پیش نظر اس کی صورتحال پر نظر رکھنے اور چوکسی اختیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔پہلے ہی چیف سکریٹری سومیش کمار نے بھی جوائنٹ کلکٹرس کے ساتھ ویڈیوکانفرنس منعقد کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے 2600افراد کا محفوظ مقامات پر تخلیہ کروادیاگیا۔املاک کے نقصان کو کم کرنے کے لئے طویل مدتی احتیاطی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
     
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS