سپریم کورٹ نےمرکزی حکومت کو تنخواہیں یقینی بنانے کے لئے ضروری قدم اٹھانے کی ہدایت دی

0

نئی دہلی : سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو کورونا وبا سے اگلے محاذ پرنمٹنے والے طبی اہلکاروں کو بروقت تنخواہیں یقینی بنانے کے لئے ضروری قدم اٹھانے کی جمعہ  کے روز ہدایت دی ۔ 
جسٹس اشوک بھوشن،جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم آر شاہ  کی بینچ  نے یہ  ہدایت اس وقت دی جب اسے مرکزی حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ کچھ
ریاستوں  نے ان  طبی اہلکاروں کو وقت پر تنخواہیں ادا نہیں کی ہیں۔
مرکزی حکومت کی طرف پیش ہوئے سالسٹرجنرل تشارمہتانے عدالت کو بتایا کہ پنجاب،تریپورہ،کرناٹک اورمہاراشٹر۔چارریاستوں نےطبی اہلکاروں کو وقت پرتنخواہیں نہیں دی ہیں،جب کہ مرکزی حکومت نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت نوٹیفکیشن جاری کرکے کہا تھا کہ تنخواہ کی ادائیگی نہ کرنے پ تعزیری کارروائی کی جائے گی۔
 بینچ ادھے پورکی وکیل آروشی جین کی طرف سے دائرعرضی کی سماعت کررہی تھی،جس میں ان طبی ملازمین کے لئے مناسب رہائش اورقرنطینہ مراکزکی سہولیات کی مانگ کی گئی تھی جو مریضوں کے علاج میں شامل ہیں ۔
محترمہ جین کی جانب سے پیش ہوئے سینئر ایڈووکیٹ کے وی وشوناتھن نے بینچ کے سامنے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ جن ڈاکٹروں کو لازمی قرنطینہ مراکزمیں
رکھا گیا ہے،حکومت کی طرف سے ان کے واجبات کی ادائیگی نہیں  کی جا رہی ہے ۔مہتا نے یہ کہتے ہوئے تردید  کی ،’ایسا نہیں ہوسکتا‘۔اب اس معاملے کی سماعت 10 اگست کو ہوگی۔ واضح رہے کہ عدالت عظمی نے سترہ جون کو مرکزی حکومت کو تمام ریاستوں اور مرکزی کے زیرانتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریوں کو  ڈیزاسٹرمینجمنٹ ایکٹ کے تحت مناسب رقومات منظور کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ تاکہ ڈاکٹروں اور طبی اہلکاروں کو تنخواہوں کی ادائیگی کے متعلق ہدایت کو یقینی بنایا جاسکے۔ 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS