ممبئی: ماحولیات کو بچانے کی مہم میں سرگرم بالی ووڈ اداکار رندیپ ہڈا کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تحفظات کے لئے سبھی کو ساتھ آنے کی ضرورت ہے۔
رندیپ ہڈا کو امید ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد جب لوگ اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سرانجام دینا شروع کریں گے تو وہ اپنے سیارے کو بھی صحت مند بنانے کے لئے اپنا کردار محسوس کریں گے ۔ رندیپ ’ ری اسٹارٹ ریسپانسبل‘ نامی ایک مہم کا حصہ ہیں۔
رندیپ ہڈا نے کہا ’’یہ مہم میرے دل کے بہت قریب ہے ، کیونکہ ہم لوگوں سے کوئی ایسا عہد لینے کو نہیں کہہ رہے ہیں جس کا کوئی خاص نتیجہ نہ ملے۔ ہماری مہم کا مقصد لوگوں کو ایسے اقدامات اٹھانے کے لئے حوصلہ افزا کرنا ہے جو ان کی روزمرہ کی زندگی میں آسانی سے شامل ہوسکتے ہیں اور ماحولیات پر ان چھوٹے چھوٹے اقدامات کا مجموعی طورپر بہت زیادہ اثر ہو گا۔ ہم سبھی کو اس کی ضرورت ہے تاکہ ہم بہتر ہوا اور پانی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آلودگی کو کم کریں۔ ہم پودوں اور حیوانیات کے ساتھ اس سیارہ کا حصہ ہیں۔ اگر ہم سب اس حقیقت کا احترام کرتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ ہمارا کل بہتر ہوگا۔