انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز پیر کو پانچویں اور آخری دن تین وکٹوں پر 129 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کے سامنے دوسرا کرکٹ ٹیسٹ جیتنے کے لئے 312 رنز کا مشکل ہدف مقرر کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز پہلا ٹیسٹ چار وکٹوں سے جیت کرتین میچوں کی سیریز میں 1-0 سے آگے ہے۔
انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹوں پر 469 رنز پر اعلان کی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 287 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ نے آخری دن کا آغاز اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں پر 37 رنز سے کیا تھا اور دوسری اننگز کو 19 اوورز میں تین وکٹوں پر 129 رنز بنا کر ڈکلیر کردیا ۔ عالمی نمبر دو آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے ناقابل شکست 78 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے آج 11 اوورز میں 92 رنز کا اضافہ کیا جس میں اسٹوکس کا تعاون 62 رنز تھا۔
گذشتہ روز انگلینڈ کی دوسری اننگز میں جوس بٹلر بغیر کوئی اکاؤنٹ کھولے آؤٹ ہوئے جبکہ جیک کرولی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کو فاسٹ بالر کیمر روچ نے بولڈ کیا تھا۔ اسٹوکس نے 16 رنز اور کپتان جو روٹ نے آٹھ رنز سے اپنی اننگز آگے بڑھائی۔دونوں بلے بازوں نے تیز رفتار سے رنز بنانے کی کوشش کی تاکہ وہ ونڈیز کے سامنے مشکل ہدف رکھ سکیں۔ روٹ نے 33 گیندوں پر 22 رنز بنائے اور 90 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ اسٹوکس نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 57 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 78 رنز بنائے۔ اولی پوپ سات گیندوں پر 12 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
عالمی نمبر دو آل راؤنڈر اسٹوکس نے پہلی اننگز میں 176 رنز بنائے تھے اور دوسری اننگز میں انہوں نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عام طور پر مڈل آرڈر میں کھیلنے والے اسٹوکس کو دوسری اننگز میں تیز رنز بنانے کے لئے اوپننگ میں بھیجا گیا تھا۔ اسٹوکس نے اپنا فیصلہ درست ثابت کیا اور اپنی نصف سنچری صرف 36 گیندوں میں مکمل کی۔ یہ ان کی 22 ویں نصف سنچری تھی۔ وہ 78 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست پویلین لوٹ گئے۔ ونڈیز کے لئے روچ نے 37 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل مانچسٹر میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے چوتھے روز اتوار کو انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی ٹیم فالو آن سے بچ گئی تھی مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 287 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپنر کریگ بریتھ ویٹ نے 75 اور بُروکس نے 68 رنز کی اننگز کھیلیں، جواب میں انگلینڈ کی دوسری اننگز میں دو کھلاڑی 37 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے۔
اولڈ ٹریفورڈ پر میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، اوپنر کریگ بریتھ ویٹ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 75 رنز کی شاندار باری کھیلی، اُنہوں نے چوتھی وکٹ کیلئے بُروکس کے ساتھ مل کر 76 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔بُروکس نے 68 رنز بنائے جبکہ روسٹن چیس نے 51 رنز اسکور کیے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 287 رنز بنانے کے سبب فالو آن سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی تھی۔انگلینڈ کی طرف سے براڈ اور ووکس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔دن کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں دو وکٹ پر 37 رنز بنالیے تھے اور اُس کی مجموعی برتری 219 رنز ہوگئی تھی۔