اترپردیش کے ضلع جونپور کے چیف ڈیولپمنٹ افسر انوپ شکلا نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد کے صحت کو چست و درست بنائے رکھنے کے لئے ہر ایک بلاک میں دو دو منریگا پارک بنائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر ایک پارک پر 15لاکھ سے 30لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے ان پارکوں میں اوپن جم کے ساتھ ہی یوگا کے لئے بھی جگہ بنائی جائے گی۔اور خاص قسم کے پودے لگائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بی ڈی او کو ہر ایک بلاک میں دو مقامات کی نشاندہی کا حکم دیا گیا ہے۔یہ پارک کالجوں کے علاوہ ان مقامات پر بنائے جائیں گے جو کھیل کے میدان ہوں۔پارکوںمیں جم کے علاوہ بچوں کے کھیلنے کا بھی معقول انتظام ہوگا۔
شکلا نے بتایا کہ کھٹہن بلاک کے ملوک پور و شیر پور میں جبکہ منگرا بادشاہ پور میں بلاک احاطے میں ہی اس پارک کو بنایا جائےگا۔ دیگر بلاکوں میں تعمیراتی کام شروع کرانے کے لئے بی ڈی او کی جانب سے جلد از جلد فہرست طلب کی گئی ہے۔ منریگا پارکوں کی تجویز کافی پہلے سے تیار تھی۔ لیکن کورونا کی وجہ سے کام متاثر ہورہا تھا۔ حالانکہ اب اسے ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنےکی تیاری ہے۔