اتر پردیش میں قنوج کے سوریکھ علاقے میں اتوار کی صبح لکھنؤ-آگرہ ایکسپریس پر ہوئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں 6 افراد کی موت اور40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ اطلاع پولیس کے ذرائع نے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ اتوار کی علی الصبح پانچ بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب بہار سے دہلی جانے والی ایک پرائیویٹ ڈبل ڈیکر بس نے ایکسپریس وے پر کھڑی کار کو پیچھے سے ٹکر ماردی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس اور کار دونوں ایکسپریس وے سے نیچے جاگرے۔ اس حادثے میں بس میں سوار 6 افراد کی موت ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ لکھنؤ آگرہ ایکسپریس وے کے کٹ نمبر 148 پر پیش آیا ہے۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلع کے تمام اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے اور تمام زخمیوں کو ضلعی اسپتال پہنچایا جبکہ شدید زخمیوں کو میڈیکل کالج میں بھیجا گیا ہے۔ ایسا خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایکسپریس وے کے کنارے بسنے والے لوگوں نے آج صبح سویرے تیز آواز سنی جس کے بعد وہ ایکسپریس وے کی طرف بھاگے جہاں بس اور کار ایکسپریس وے کے نیچے کھائی میں گری ہوئی تھی۔ مقامی لوگوں نے بس کے اندر پھنسے لوگوں کو باہر نکالنا شروع کیا۔
اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے کرین منگواکر بس کو سیدھا کروایا اور اس میں پھنسے لوگوں کو نکال کر اسپتال پہنچایا۔