گجرات حکومت نے پرائمری اساتذہ کے گریڈ پے میں کٹوتی سے متعلق نوٹفکیشن ملتوی کیا

0

گاندھی نگر: گجرات حکومت نے ریاست میں پرائمری اساتذہ کے گریڈ پے میں تقریباً ایک برس پہلے کی گئی کٹوتی سے متعلق نوٹفکیشن کو فی الحال ملتوی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریاستی حکومت نے 25جون 2019کے اس نوٹفکیشن کے ذریعہ پرائمری اساتذہ میں  2010کے بعد بھرتی ہوئے 60ہزار سے زیادہ اساتذہ کے گریڈ پے کو 4200روپے سے کم کرکے 2800کردیا تھا۔ 
وزیر تعلیم بھوپندر سنگھ چوڈاسما نے آج یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ پر تحریک چلارہے پرائمری اساتذہ یونین اور گجرات اکیڈمک فیڈریشن کے نمائندوں کے ساتھ ان کی میٹنگ کے بعد انہوں نے وزیراعلی وجے روپانی سے اس سلسلہ میں بات چیت کی تھی۔روپانی نے اس معاملہ میں کوئی پالیسی ساز فیصلہ ہونے تک مذکورہ نوٹفکیشن کو ملتوی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پرائمری اساتذہ کو پھر سے 4200روپے کا گریڈ پے ملتا رہے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اساتذہ کو تنخواہ میں نقصان نہیں ہونے دے گی۔
خیال رہے کہ گریڈ پے میں کٹوتی پر اساتذہ نے پہلے ریلیوں وغیرہ کے ذریعہ اپنے احتجاج کا اظہار کیا تھا اور بعد میں بحران کے پیش نظر سوشل میڈیا پرحکومت کے خلاف محاذ کھول رکھا تھا۔ ان کا دعوی تھا کہ اس کٹوتی سے ہر ایک ٹیچر کو ایک سال میں تنخواہ میں تقریباً ایک لاکھ روپے کم مل رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS