کووڈ19کے مریضوں کی طبی ضروریات کی تکمیل اور اہم مشوروں کے لئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ کال سنٹر کافی فائدہ مند ثابت ہورہا ہے۔تلنگانہ کے وزیربلدی نظم ونسق و شہری ترقی کے تارک راما راو کو اس سلسلہ میں ان کے محکمہ کی جانب سے ویڈیو پوسٹ کیاگیا جس کو تارک راما راو نے ری ٹوئیٹ کیا ہے۔ساتھ ہی محکمہ نے ایک ٹوئیٹ بھی کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی کنسلٹیشن ہیلپ لائن کا فون نمبر1800 599 4455 ہے۔اس کال سنٹر میں کووڈ19کے مریضوں کے شبہات کو دور کیاجارہا ہے۔ساتھ ہی گھروں میں الگ تھلگ رہنے والے مریضوں کے استفسارات کے جوابات بھی روزانہ کی بنیاد پر دیئے جارہے ہیں۔اس دو منٹ 20سکنڈ کی ویڈیو میں ڈاکٹر وجیا سراونتی نے کوویڈ کال سنٹر انچارج نے کہا کہ اس کال سنٹر کا آغاز یکم جون سے ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کال سنٹر کے ذریعہ کوویڈ19کے مثبت افراد اور گھروں میں ہی الگ تھلگ رکھے گئے مریضوں کو اہم مشورے دیئے جارہے ہیں اور ان کو درکار معلومات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔اس کال سنٹر پر 24×7کی بنیاد پر آنے والے فون کالس کے جوابات دیئے جارہے ہیں۔یہ تلنگانہ حکومت کا ٹال فری نمبر ہے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت پڑنے پر ٹیلی میڈیسن ٹیم کے ذریعہ ویڈیو کالنگ کی سہولت کے ذریعہ ان کو طبی مشورے دیئے جارہے ہیں۔ساتھ ہی واٹس اپ کے ذریعہ بھی دوائیں تجویز کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے الگ تھلگ رکھے گئے مریض جن کی حالت گھروں میں خراب ہورہی ہے ان کو فوری طورپر ایمبولنس کے ذریعہ اسپتال منتقل کرنے کا انتظام کیاجارہا ہے۔اس کال سنٹر میں ہر شفٹ میں ٹیلی کالرس اور ڈاکٹرس دسیتاب رہتے ہیں۔اس کال سنٹر کے ذریعہ الگ تھلگ رکھے گئے مریضوں سے بات بھی روزانہ کی جارہی ہے اور ان کی صحت پر نظررکھی جارہی ہے۔ڈاکٹر کلپنا نے کہا کہ الگ تھلگ رکھے گئے مریضوں میں علامات کے پائے جانے اور احتیاط کرنے سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔اس کال سنٹر کے ذریعہ ان میں بھروسہ پیداکیاجارہا ہے اور ان کا تعاون کیاجارہا ہے۔یہ ویڈیو عوامی مفاد میں جاری کیاگیا ہے۔