لکھنؤ: اترپردیش پولیس نے کانپور کے چوبے پور گائوں میں آٹھ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور ان سے اسلحہ لوٹنے کے معاملے میں بڑی کارروائی کی ہے۔ پولیس نے کلیدی ملزم وکاس دبے اور اس کے ساتھیوں کے ذریعے مقابلے کے دوران پولیس اہلکاروں کے ذریعہ لوٹی گئی اے کے 47 اور انساس رائفلیں برآمد کیں۔ کانپور قتل کیس میں پیر کی رات پولیس نے ایک ملزم کو بیکارو گاؤں سے گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اسلحہ کہاں چھپایا گیا ہے اس کے بارے میں معلومات فراہم کی۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم شاشیکانت جو بیکارو گاؤں کا رہنے والا ہے،اس پر 50 ہزار روپے کا انعام تھا،اسے گذشتہ رات کان پور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پوچھ گچھ کے بعد،اس نے انکشاف کیا کہ پولیس سے لوٹے گئے اسلحہ وکاس دبے کے گھر اور ایک اور ملزم کے گھر میں چھپائیں ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ہم نے آج صبح چھاپے مار کر پولیس اہلکاروں سے لوٹا ہوا اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
اترپردیش پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (لاء اینڈ آرڈر) پرشانت کمار نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس معاملے میں کل 21 ملزمان کے نام ہیں۔ اب تک 6 ملزمان ہلاک اور 5 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔