دانش علی نے آئی ای ایس افسر سبحان علی کی تلاش کے لئے راج ناتھ کو لکھا مکتوب

0

نئی دہلی : بہوجن سماج پارٹی کے لیڈر اوررکن پارلیمان کنوردانش علی نےجمعہ کو وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کو ایک مکتوب ارسال کر کے لہیہ میں تعینات انڈین انجینئرنگ سروس (آئی ای ایس) کے افسر سبحان علی کی تلاش میں تیزی لائی جانے اوراس میں ذاتی مداخلت کی درخواست کی۔
دانش علی کی طرف سے وزیر دفاع کو ارسال کئے گئے مکتوب میں یہ کہا کہ ایک بہادرآئی ای ایس افسر سبحان علی کی گاڑی لداخ میں دراس ندی میں گرگئی تھی،جس کے بعد سے ان کی کوئی خبر نہیں ہے۔اس سے قبل انہوں نے وزیر دفاع کو ٹیلی فون کے ذریعہ بھی اس تعلق سے اطلاع دی تھی ۔ 
اترپردیش کے بلرام پور سے تعلق رکھنے والا 27 سالہ سبحان علی 22 جون کو میرامارمیں قرنطینہ مرکز کا جائزہ لینے گیا  تھا۔ وہ روزانہ اپنے گھر والوں سے فون پر بات کرتا تھا۔ جب 22 جون کی رات کو سبحان علی کا فون نہیں آیا تو اس سے اہل خانہ کے افراد نےان سے رابطہ کیا،جس پر پتہ چلا کہ سبحان علی کا فون بند آرہا ہے۔
اس کے بعد اہل خانہ نے کمانڈنگ آفیسر سے بات کی لیکن کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔ان کے گھروالوں کو 23 جون کو یہ خبرملی کہ جپسی میں سبحان علی سوارتھے،وہ گہری کھائی میں گرگئی اوردراس ندی کے تیزبہاؤ میں بہہ گئی۔چار دن بعد 26 جون کو جپسی کو ندی سے نکالا گیا،لیکن آئی ای ایس افسر سبحان اوراس کے ڈرائیور پلوندر سنگھ کا کوئی سراغ نہیں ملا۔امروہہ کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بارڈرروڈ آرگنائزیشن اور کارگل انتظامیہ سبحان علی کی تلاش کے لئے مستقل کوشش کررہی ہے لیکن محدود وسائل سے وہ لاپتہ افسر کو تلاش کرنے میں کامیاب نہیں ہو پا رہے ہیں ۔انہوں نے وزیر دفاع سے کہا ’’میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کریں اور قابل افسران اوروسائل کو سبحان علی کو تلاش  میں لگائیں ۔ لاپتہ افسرکے اہل خانہ کے افراد پریشان کن حالت میں ہے اور وہ ہر لمحہ ایک خوفناک تکلیف سےگزر رہے ہیں‘‘۔  لوک سبھا رکن پارلیمنٹ نے اس سلسے میں وزیر دفاع کو فون کیا جس پر انہوں نے یقین دہائی کرائی کہ سبحان علی کی تلاش کے لئے سرکاری مشینری سے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS