ہندوستان میں کورونا کے نئے کیسز میں کمی ، اموات کی تعداد 20 ہزارسے متجاوز

0

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز دودن تک 24 ہزار سے زیادہ رہنے کے بعد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے، لیکن اس عرصہ میں 467 افراد کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے متجاوز کر گئی ہے۔ منگل کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی طرف سے جاری تازہ ترین  اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 22،252 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو گذشتہ ہفتے کے بعد سے سب سے کم ہیں۔ آج ملنے والے کیسز سے متاثرہ افراد کی  مجموعی  تعداد 7،19،665 ہوگئی ہے۔ ہفتہ کے روز 22،771 نئے کیسز درج ہوئے۔ اتوار کو 24،850 اور پیر کو 24،248  کیسز تھے۔ 
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی زد میں آنے سے 467 افراد کی موت کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 20،160 ہوگئی ہے اور اس عرصے کے دوران 15،515 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔ اب تک ملک میں مجموعی طور پر 4،39،948 افراد وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 2،59،557 فعال کیسز ہیں۔ 
ملک میں ریاست مہاراشٹرکورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہے جہاں کووڈ19کے 5،368  کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ریاست میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 2،11،987 ہو چکی ہے۔ اسی عرصہ میں 204 اموات کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 9،026 ہوچکی ہے۔ ریاست میں 1،15،262 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ 
وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں دوسرے مقام پرریاست تمل ناڈو ہے جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 3827  سے بڑھ کر 114978 ہوگئی ہے اور اسی عرصے میں 61 افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 1571 ہوگئی ہے۔ ریاست میں ، 66،571 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ 
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کی وبا نے تباہی مچا دی ہے جہاں  کورونامتاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ قومی راجدھانی میں کورونا سے اب تک 1،00،823 افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3115 ہوگئی ہے۔ دارالحکومت میں کورونا وائرس کے 72،088 مریض  شفایاب ہوئے ہیں، جن کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے۔

ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ 19 سے متاثر ہونے سے تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے ، لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 36،772 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1960 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ریاست میں 26،315 افراد اس جان لیوا وائرس سے  شفایاب ہوئے ہیں۔ 
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 28،636  کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وائرس کی وجہ سے 809 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 19،109 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔
 جنوبی ہندوستان کی دو ریاستوں تلنگانہ اور کرناٹک میں کورونا وائرس  کے کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس متاثرہ افراد کی تعداد 25،733 تک پہنچ چکی ہے اور 306 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ اب تک 14،781 افراد اس وبا سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ کرناٹک میں 25،317 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 401 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست میں 10،527 افراد مہلک وبا  سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔

مغربی بنگال میں 22،987 افراد  جان لیوا کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 779 افراد ہلاک اور 15،235 افراد  شفایاب ہوئے ہیں۔ 

راجستھان میں بھی کوروناوائرس کا پھیلاؤ اپنے شباب پر ہے اور اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 20،688 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 461 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس وبا سے سے اب تک ریاست میں  16،278 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 
آندھرا پردیش میں 20،019 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 239 ہوگئی ہے۔ ہریانہ میں ، 17،540 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 276 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
 کورونا وائرس کی زد میں آنے سے مدھیہ پردیش میں 617 ، پنجاب میں 169 ، جموں و کشمیر میں 138 ، بہار میں 97 ، اتراکھنڈ میں 42 ، اوڈیشہ میں 38 ، کیرالہ میں 27 ، جھارکھنڈ میں 20 ، چھتیس گڑھ اور آسام میں 14،14 ، ہماچل پردیش میں11، پڈوچیری میں 12، گوا میں 7، چنڈی گڑھ میں چھ ، اروناچل پردیش میں دو اور تری پورہ ، لداخ اور میگھالیہ میں ایک ایک شخص کی موت ہوچکی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS