کورونا وائرس سے زیادہ متاثر شہروں سے ہوائی سروس بند کی جائے:بنگال حکومت

0

مغربی بنگال حکومت نے وزارت شہری ہوابازی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر شہر دہلی، ممبئی، پونے، ناگپور،چنئی،اندور، احمد آباد اور سورت سے6جولائی سے اگلے دو ہفتے تک فلائیٹ سروس کو بند کردیاجائے۔
چیف سیکریٹری راجیو سنہا نے وزارت شہری ہوائی بازی کے سیکریٹری پی ایس کھرولا کو خط لکھ کر کہا ہے کہ مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے کیس میں اضافہ دوسری جگہ سے آنے والوں کی وجہ سے پھیلا ہے۔چیف سیکریٹری نے 30جون کو یہ خط لکھا ہے۔
خط میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ 6جولائی سے کلکتہ اور باگ ڈوگرا کیلئے نئی دہلی، ممبئی، پونے، ناگپور،چنئی،اندور، احمد آباد اور سورت سے کوئی فلائیٹ اگلے دو ہفتے تک شیڈول نہیں کیا جائے۔اس کے علاوہ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دوسرے شہروں سے بھی فلائیٹ کے شیڈول کو محدود کیا جائے۔
اس کے علاوہ چیف سیکریٹری نے مرکزی وزارت داخلہ کے سیکریٹری اجے بھلا کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ محدود پیمانے پر کلکتہ میٹرو سروس شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔
چیف سیکریٹری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ آپ سے درخواست ہے کہ ایمرجنسی سروس اور ضروری کام میں مصروف افراد کے آمد و رفت کیلئے محدود پیمانے میٹرو سروس شروع کرنے کی وزارت داخلہ سے اجازت جاری کی جائے۔میٹرو اتھارٹی سے بھی اس معاملے میں بات چیت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر میٹرو ٹرین سروس شروع ہوتی ہے تو اس سے سڑک پر بھیڑ کم ہوگی۔اور معاشرتی فاصلہ برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ سوموار کو کلکتہ میٹرو اتھارٹی اور بنگال حکومت کے افسران کے ساتھ میٹنگ ہوئی تھی۔جس میں محدود پیمانے پر میٹرو سروس شروع کرنے پر غور کیا گیا مگر میٹرو اتھارٹی نے کہاکہ ان کیلئے معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنا ناممکن ہے۔اس کے علاوہ میٹرو ٹرین چلانے کیلئے وزارت ریلوے، وزارت داخلہ اوروزارت صحت کی طرف سے منظوری لینی ضروری ہے۔
اس سے قبل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے پہلے یکم جولائی سے میٹرو ٹرین چلانے کی بات کہی تھی مگر بعد میں کہا کہ چیف سیکریٹری ریلوے بورڈ کے چیرمین کو خط لکھ کر درخواست کریں گے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS