اجمیر: راجستھان میں اجمیر میونسیپل کارپوریشن سمیت ضلع کی چار دیگر بلدیہ میں منتخب 23 کونسیلر اگلے 47 دنوں میں ہی ریٹائر ہوجائیں گے۔
ریاستی حکومت نے اجمیر،کشن گڑھ، کیکڑی، سرواڑ اوروجے نگر میں بلدیاتی انتخابات سے ٹھیک پہلے 23 کانگریس رہنماؤں کو نامزد کیا ہے، لیکن یہ سبھی 17 اگست کے پہلے خود بخود ریٹائر ہوجائیں گے۔ کیونکہ ان پانچوں بلدیہ کا دور اقتدار 17 اگست کو ختم ہونے جارہا ہے۔
اجمیر میونسیپل کارپوریشن میں چھ اراکین کو ساتھ ارکان کے طورپر منتخب کردیا گیا ہے، جن میں خواتین کانگریس کی صدر صبا خان ،سابق کونسیلر رہے شیلیندر اگروال،اشوک جین،بیپن بیسل ،منور خان قائم خانی اور ریشی گھارو ہیں۔ ان میں سے تین پہلے بھی کونسیلر رہ چکے ہیں۔
کارپوریشن میں حال میں بی جےپی بورڈ کا غلبہ ہے اور میئر کے عہدے پر دھرمیندر گہلوت مقرر ہیں جن پر بے ضابطگی کے الزام ان کے ہی پارٹی کے ایک کونسیلر نے عام مجلس میں لگائے ہیں۔ اس کی جانچ کے بعد حتمی فیصلہ بی جےپی ریاستی صدر ستیش پنیا کو کرنا ہے۔
کل ساتھ ارکان کی تقرری کے بعد سیاسی خیمے میں اس بات کی بھی بحث چل پڑی ہے کہ حکومت نے اتنے کم وقت کےلئے تقرریاں دے کر کیا پیغام دینا چاہا ہے؟بی جےپی خیمہ تو یہ بھی کہ رہا ہے کہ اب جب بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع ہوگیا ہے اور ریاستی الیکشن کمیشن نے اس روشنی میں کئی آر اے ایس افسران کے تبادلے ملتوی کرنے کے حکم دئے ہیں تو پھر ان سیاسی تقرریوں پر کمیشن کا کیا رخ ہےصاف ہونا چاہئے۔