نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹروں کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ڈاکٹر کووڈ۔ 19 کے خلاف لڑائی میں صف اول میں کھڑے ہیں۔
وزیراعظم مودی نے آج ڈاکٹروں کے قومی دن کے موقع پر اپنے ٹوئٹر پر کورونا واریئرس ڈاکٹروں کو سلام کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی مشترک کیا۔ انہوں نے کہا ’’ملک کورونا وبا کے خلاف صف اول کے محاذ پر ڈٹے ہمارے ڈاکٹروں کو سلام کرتا ہے‘‘۔
وزیراعظم نے ویڈیو میں کہا کہ ’’ماں ہمیں جنم دیتی ہے تو کئی بار ڈاکٹر ہمیں دوسری زندگی دیتے ہیں۔ بحران کی اس گھڑی میں اسپتالوں میں سفید ڈریس میں ملبوس ڈاکٹر اور نرسیں، ایشور کا روپ ہیں۔ خود کو خطرے میں ڈال کر یہ ہماری زندگیاں بچا رہے ہیں۔ ان کے ساتھ بڑا برتاؤ ہوتا نظر آئے تو آپ وہاں جاکر لوگوں کو سمجھائیں، نرس، میڈیکل اسٹاف زندگی بچاتے ہیں اور ہم ان کا قرض کبھی ادا نہیں کرسکتے۔ یہ سب کا فرض ہے جو ملک کی خدمت کرتے ہیں، جو ملک کے لئے خود کو وقف کرتے ہیں، پر لمحہ ان کا عوامی احترام ہوتا رہنا چاہئے۔