ممبئی: 1993ء سلسلہ وار بم دھماکوں کے سزا یافتہ مجرم اور مفرور ملزم ٹائیگر میمن کے چھوٹے بھائی یوسف میمن کی آج ناسک سینٹرل جیل میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔
یوسف میمن نفسیاتی مرض میں مبتلا تھا اور سیزوفیرنیا نامی بیماری اسے لا حق ہوئی تھی، ممبئی کی ٹاڈا عدالت میں اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد وہ ناسک جیل میں مقید تھا۔ گذشتہ برس سپریم کورٹ نے اسے طبی بنیاد پر چند ماہ کی ضمانت دی تھی جس کے خاتمے کے بعد اسے دوبارہ جیل میں حاضر ہونا پڑا تھا، ممبئی میں مقیم میمن خاندان کی پیروی کرنے والی وکیل فرحانہ شاہ نے بتایا کہ یوسف میمن پر ٹاڈا عدالت نے بم دھماکوں کی سازش میں حصہ لینا اور دیگر الزامات کے تحت عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
ناسک نے پولس کمشنر وسواش ناگرے پاٹل نے یوسف میمن کی موت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس کی لاش کو دھولیہ میں پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کیا جائے گا تاکہ موت کا پتہ لگ سکے۔
یوسف میمن کے ایک بڑے بھائی عقوب میمن کو 2015میں پھانسی کی سزا دی گئی تھی اور ناگپور سنٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکانے کے بعد ان کی تدفین ممبئی کے مرین لائن قبرستان میں عمل میں آئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف میمن کی تدفین بھی اسی قبرستان میں عمل میں آئے گی اور اسکے لئے اس کے چند رشتہ دار ناسک جیل حکام سے رابطہ قائم کئے ہوئے ہیں کہ کسی طرح سے پوسٹ مارٹم کے بعد اس کی لاش کو ممبئی لایا جائے تاکہ ممبئی میں تدفین عمل میں آسکے۔
واضح رہے کہ بابری مسجد کی شہادت اور اسکے بعد ممبئی میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کے بعد ۱۲ مارچ ۱۹۹۳ کو ممبئی پورے ۱۲ مقامات پر سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے، جس میں ۳۱۵؍ افراد ہلاک ہوئے تھے، اس میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے، جبکہ کروڑوں کی جائدادتیں تباہ ہوئی تھیں۔
ممبئی کے اسٹاک ایکسچینج ، پاسپورٹ آفس ، سیوشینا بھون کے قریب پیٹرول پمپ ، زویری بازار، سی راک ہوٹل باندرہ اور دیگر میں ہوئے ان دھماکوں کی سازش دبئی میں رچی گئی تھی اور اس وقت یہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گردانہ حملہ تھا۔
ممبئی 1993بم دھماکوں کا سزایافتہ مجرم یوسف میمن کی ناسک جیل میں موت
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS