جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعرات کی شام سے جاری مسلح تصادم میں اب تک تین جنگجو مارے جاچکے ہیں۔
تاہم پولیس کی طرف سے یہ رپورٹ فائل کئے جانے تک ایک ہی جنگجو کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے چیوا اولر ترال میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے مذکورہ علاقہ میں جمعرات کی شام کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ایک مخصوص جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی پر فائرنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں اب تک تین جنگجو مارے جاچکے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق یہ جنوبی کشمیر میں رواں ماہ چلایا جانے والا 12 واں جنگجو مخالف آپریشن ہے۔ ان بارہ آپریشنز میں اب تک 32 جنگجو مارے جاچکے ہیں۔
دریں اثنا انتظامیہ نے ترال میں مسلح تصادم کے پیش نظر ضلع پلوامہ کے کئی علاقوں بشمول ترال میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔