شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور کے ہرد شیوا علاقے میں جمعرات کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی تصادم آرائی میں دو جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 32 آر آر، سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعرات کی علی الصبح ہرد شیوا سوپور علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک مکان میں پناہ لئے جنگجوؤں نے فورسز کی ایک تلاشی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس کے نتیجے میں دو جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے اور تلاشی آپریشن بھی ہنوز جاری ہے۔
دریں اثنا حکام نے سوپور قصبہ میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کو بنا بر احتیاط معطل کردیا ہے۔