نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے 10 اور 12 ویں کے باقی بچے امتحان منسوخ کرنے اور داخلی اندازے کی بنیاد پر ریزلٹ جاری کرنے سے متعلق عرضی کی سماعت 25 جون تک ملتوی کردی۔
جسٹس اے ایم کھانولکر، جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے انسانی وسائل کی وزارت اور سی بی ایس ای کی جانب سے پیش سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ کی درخواست پر سماعت جمعرات دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔
مہتہ نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر غور و خوض کررہی ہے اور بدھ کی شام تک اس پر فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’فیصلہ کا عمل کافی آگے پہنچ چکا ہے۔ کل شام تک باضابطہ فیصلہ لے لیا جائے گا۔ ہم طلبا کی تشویشات سے واقف ہیں۔ ہم عدالت کو فیصلے کے بارے میں پرسوں مطلع کرسکتے ہیں‘‘۔
اس کے بعد جسٹس کھانولکر نے کہا کہ وہ جمعرات دو بجے معاملے کی سماعت کریں گے۔