جموں و کشمیر: راجوری میں ایل او سی پر گولہ باری میں ایک فوجی جوان ہلاک

    0

    جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی علی الصبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری میں نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی پر پیر کی علی الصبح قریب پانچ بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری اور دوسرے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔
    انہوں نے کہا کہ پاکستانی حملے کا وہاں تعینات فوجی جوانوں نے بھی جواب دیا اس دوران ایک فوجی جوان شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں ہلاک ہو گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کا کلال سے بابا کھوری تک کا علاقہ گولہ باری کے تبادلے سے دہل اٹھا جس کی وجہ سے متصل بستوں کے لوگوں میں خوف و دہشت پھیل گیا۔
    قابل ذکر ہے کہ سال رواں کے دوران اب تک بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر طرفین کے مابین گولہ باری اور فائرنگ کے تبادلے کے زائد از دو ہزار واقعات رونما ہوئے ہیں۔ طرفین کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے اور گزشتہ کچھ ماہ سے جاری کورونا وبا کے با وصف بھی سرحد لگاتار گرم ہے جس سے آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا مزید مشکل بن گیا ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS