جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے ہفتہ کی صبح کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے متصل ایک پاکستانی ڈورن کو گرایا ہے جو 'میڈ ان چائنا' تھا۔ نیز اس سے کچھ اسلحہ و گولہ بارود بشمول امریکی ساخت کی ایم 4 رائفل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کٹھوعہ میں ایل او سی کے ہیرا نگر سیکٹر پر بی ایس ایف نے ہفتہ کی صبح قریب پانچ بجکر دس منٹ پر ایک ڈرون کو اڑتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے اس پر آٹھ سے نو گولیاں چلائیں اور اس کو زمین بوس کردیا۔
انہوں نے کہا کہ گرائے جانے والے ڈرون کی تلاشی کے دوران ایک امریکی ساخت کی ایم 4 رائفل، اس کی دو میگزینیں اور گولیوں کے 60 رائونڈس، سات ایم 67 گرینیڈز برآمد کئے گئے نیز ڈرون، جو 'میڈ ان چائنا تھا، کے ساتھ چار بیٹریاں نصب دیکھی گئیں۔
جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پاکستان کی طرف سے ڈورن کے ذریعے کٹھوعہ میں سرحد پر سامان چھوڑنے کی ایک اور کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرون کے پے لوڈ کی تلاشی کے دوران ایک امریکی ساخت کی ایم 4 رائفل، دو میگزین اور گولیوں کے ساٹھ راؤنڈس برآمد کئے گئے ہیں۔
پولیس سربراہ نے کہا کہ یہ سامان کسی علی بھائی کے لئے تھے کیونکہ پے لوڈ پر اس کا نام لکھا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ڈرون آٹھ فٹ چوڑا تھا اور لگتا ہے کہ یہ کٹھوعہ سیکٹر میں بی ایس ایف کے پنسار پوسٹ کے مقابل سر حد پار کی پاکستانی چوکی کے کنٹرول میں تھا۔
دلباغ سنگھ نے کہا کہ کچھ ماہ قبل نگروٹہ ٹول پلازہ کے نزدیک ہلاک ہونے والے جیش محمد سے وابستہ جنگجوؤں کی تحویل سے اسی نوعیت کا اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔