نئی دہلی: کھیل کود کی وزارت اپنی فلیگ شپ اسکیم یعنی کھیلو انڈیا اسکیم کے تحت کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹرس آف ایکسلینس (کے آئی ایس سی ای) کے قیام کے لئے کلی طور پر کمر بستہ ہے۔ ہر ایک ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایک کے آئی ایس سی ای کی شناخت کی جائے گی۔ کوشش اس بات کی ہوگی کہ پورے ملک میں ایک مضبوط کھیل کود نظام کو قائم کیا جائے۔
پہلے مرحلے کے تحت وزارت نے ہندوستان کی 8 ریاستوں، جن میں کرناٹک ، اڈیشہ ، کیرالہ ، تلنگانہ اور اروناچل پردیش ، منی پور ، میزورم اور ناگالینڈ کی شمال مشرقی ریاستیں شامل ہیں، سمیت 8 ریاستوں میں کھیل کود کی ریاست کی زیر تحویل سہولتوں کی شناخت کی ہے۔ جنہیں کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹر آف ایکسلینس (کے آئی ایس سی ای) کی شکل میں بہتر بنایا جائے گا۔
ریاستوں میں کھیل کود کی سہولتوں کو مستحکم بنانے کے لئے اس پہل قدمی کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ ’’ دی کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹر آف ایکسلینس‘ اس مقصد سے قائم کئے جارہے ہیں تاکہ ہندوستان اولمپکس میں جس عمدگی کے حصول کی تلاش میں ہے، اس کی اس جستجو کو مستحکم بنایا جاسکے۔ ہماری کوشش اس بات کی ہے کہ ہم ہندوستان کی ہر ایک ریاست میں دستیاب بہترین کھیل کود سہولتوں کو بہتر بنائیں اور انہیں عالمی درجہ کے معیار تک پہنچائیں۔ ایک ایسے درجے پر جہاں دنیا بھر کے کھلاڑی اپنے اپنے شعبوں میں تربیت کے حصول کے لئے پہنچنا چاہتے ہیں۔ اسپورٹنگ سہولتوں کی شناخت حکومت کی کمیٹی کی جانب سے گہرے تجزئے کے بعد کی گئی ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ یہ صحیح سمت میں صحیح قدم ہے اور ملک بھر کے ہونہار کھلاڑیوں کو اس کے تحت تربیت حاصل ہوسکے گی اور انہیں اعلی قسم کا ایتھلیٹ بنایا جاسکے گا، جو تمام تر اہم بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستان کے لئے تمغات حاصل کریں گے، خاص طور پر اولمپکس میں ہندوستان کا نام روشن کریں گے۔