اسٹیرائڈ ڈیکسامیتھاسون سے کووڈ -19 کے ایک تہائی سنجیدہ مریض صحتیاب ہوئے 

0

لندن: عالمی وبا کورونا وائرس کے علاج کے معاملے میں ایک خوشخبری سامنے آئی ہے۔ ٹرائل میں انکشاف ہوا ہے کہ کووڈ-19 کے ساتھ اسپتال میں داخل مریضوں کو جنرک اسٹیرائڈ ڈیکسامیتھاسون کی کم مقدار نے انفیکشن کے انتہائی سنگین معاملات میں اموات کی شرح میں ایک تہائی تک کمی کی ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ نتیجہ کورونا وائرس کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے۔ یہ کلینیکل ٹرائل برطانیہ کے زیرقیادت سائنسدانوں کے ذریعہ کیا گیا جسے ریکوری نام دیا گیا ہے۔ محققین کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کا سامنا کرنے والے مریضوں کو ترجیحی بنیاد پر اس دوا کو اسپتال میں شامل کیا جانا چاہئے۔ کلینیکل ٹرائل کی رہنمائی کررہے آکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر مارٹن لنڈرے نے کہا ، "یہ نتیجہ جو ظاہر کرتا ہے کہ کووڈ-19 کے مریض جو وینٹیلیٹر یا آکسیجن پر ہیں ، انہیں ڈیکسامیتھاسون دیا جاتا ہے، لہذا اس سے مریض کی جان بچ سکتی ہے۔ صرف یہی نہیں یہ سب نسبتا کم قیمت پر کیا جاسکتا ہے۔ " ان کے ساتھی پیٹر ہاربی کے مطابق ڈیکسامیتھاسون ایک عام اسٹیرائڈ ہے جس کو سوجن کو کم کرنے کے لئے دیگر بیماریوں میں وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ واحد دوا ہے جس نے اموات کی سطح میں اب تک کمی کی ہے۔ ہاربی نے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ برطانیہ کے وزیر صحت میٹ ہینکوک نے منگل کے روز کہا کہ برطانیہ نے کورونا وائرس کے مریضوں کو فوری طور پر ڈیکسامیتھاسون دینا شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ اس وعالمی وبا کے لیے مختلف ممالک میں اس کی ویکسین تیار کرنے کے ساتھ طرح طرح کے تجربات کیے جارہے ہیں۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS