ملک میں کورونا کا قہر جاری، 24گھنٹوں میں 11458 نئے معاملے، متاثرین کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز

0

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا متاثرین کے سب سے زیادہ 11458 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرین کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کرکے 3.09 لاکھ پر پہنچ گئی ہے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزیرت کی جانب سے آج جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11458 نئے معاملوں کے ساتھ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 308993 ہوگئی۔ اس دوران 386 لوگوں کی موت سے مہلوکین کی تعداد 8884 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا کے 145779 سرگرم معاملے ہیں جبکہ اس وبا سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد سرگرم معاملوں کے مقابلے 8551 زیادہ یعنی 154330 ہے۔ ہندوستان انفیکشن کے معاملے میں دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں چوتھے مقام پر پہنچ گیا ہے۔
مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3493 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں اور 127 لوگوں کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 101141 اور اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3717 ہوگئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1718 لوگ بیماری سے صحت مند ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی کل تعداد 47796 ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS