راجستھان کی بین ریاستی سرحد سیل

0

جے پور: راجستھان میں کورونا کیسز میں مستقل اضافے کے پیش نظر،ریاستی حکومت نے آج صبح ہی بین ریاستی سرحدوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا۔اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری راجیو شکل کے حکم کے بعد پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (انتظامیہ اورامن و امان) ایم ایل لاٹھر نے متعلقہ ضلعی سپرنٹنڈنٹ پولیس کو ریاست کی سرحد کو سیل کرکے حکم دیا کہ  آنے والے لوگوں کی تفتیش کی جائے اورکسی کو بغیراجازت کے جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔
اس کے لئے،انٹراسٹیٹ روٹس پرپولیس چیک پوسٹیں قائم کی جائیں۔انٹراسٹیٹ روٹس کے علاوہ،ہوائی اڈوں،ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈس پرفوری طور پرپولیس چوکیاں قائم کی جائیں۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ حکم سات دن کا ہے اور صورتحال کے مطابق اس میں توسیع کی جاسکتی ہے۔
بین ریاستی سرحدیں سیل کرنے کے احکامات کے بعد،صبح ہی سے بارڈر سیل کرنے کی کاروائیاں شروع کردی گئیں اور ریاستی سرحدوں کے ساتھ ساتھ پولیس فورس بڑھا ئی گئی اور آنے والی گاڑیوں کی تفتیش شروع کردی گئی۔ اب صرف میڈیکل ایمرجنسی اور پاس ہولڈرہی ریاست میں داخل ہوسکیں گے اور باہر جاسکیں گے۔
واضح رہے کہ ریاست میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور صبح موصولہ رپورٹ کے مطابق ان کی تعداد بڑھ کر 11 ہزار 368 ہوگئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی 256 تک جا پہنچی ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS