پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، ایک شہری اور کئی مویشی زخمی

    0

    جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مینڈھر اور بالاکوٹ سیکٹروں میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے مابین گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار ایک شہری اور کئی مویشی زخمی ہونے کے علاوہ کچھ گھروں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔
    زخمی شہری کی شناخت گولاڈ ناونی پونچھ کے رہنے والے محمد یاسر ولد محمد رشید کے طور پر ہوئی ہے۔
    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی کے مینڈھر اور بالاکوٹ سیکٹروں پر پاکستانی فوج کی طرف سے گذشتہ رات قریب گیارہ بجے فائرنگ کی گئی جس کا ہندوستانی فوج نے موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔
    انہوں نے کہا کہ تین گھنٹوں کے ٹھہرائو کے بعد پاکستانی فوج نے قریب تین بجے ایک بار پھر فائرنگ اور مارٹر شیلنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک شہری اور کئی مویشی زخمی ہوئے نیز کچھ مکانات کو نقصان پہنچا۔
    ذرائع نے بتایا کہ گولہ باری کے تبادلے کے دوران زخمی ہونے والے محمد یاسین کو علاج کے لئے سب ضلع اسپتال مینڈھر میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاسین کی ایک ٹانگ میں گولی لگی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کی جانب سے پھینکا جانے والا ایک مارٹر شیل بجلی کی ترسیلی لائن کو لگا ہے جس کے نتیجے میں ناونی گولاڈ کی بجلی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔
    قابل ذکر ہے کہ کورونا قہر سے دنیا میں ہورہی تباہی کے باوجود بھی طرفین کے درمیان سرحدوں پر گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کی وجہ سے آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا مزید مشکل ہوگیا ہے۔
    طرفین کے درمیان سال 2003 میں ایک جنگ بندی معاہدہ بھی طے پایا تھا لیکن وہ بھی باقی ماندہ معاہدوں اور سمجھوتوں کی طرح کاغذوں کی زینت بن کے ہی رہ گیا ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS