نئی دہلی: مرکزی انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے آج کہا کہ کورونا وبا کے سبب لاک ڈاؤن کے دوران ملک کے دوردراز علاقوں میں رہنے والے طلباء کو آن لائن تعلیم میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی کیونکہ انہیں ٹیلیویژن اور ریڈیو کے ذریعہ سے بھی پڑھائی کی سہولت دی جائے گی۔
ڈاکٹر نشنک نے آج ملک کے 45ہزار ڈگری کالج کے سربراہوں اور اساتذہ اور ایک ہزار یونیورسٹیوں کے وی سی کو ویبینار سے مخاطب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس ویبینار میں نیشنل اسیسمنٹ اینڈ اکریڈیٹیشن کونسل(این اے اے سی) کے چیئرمین وی ایس چوہان اور یونیورسٹی گرانٹ کمیشن(یو جی سی)کے چیئر مین ڈی پی سنگھ نے حصہ لیا۔ڈاکٹر نشنک نے کہا کہ ہم نے آن لائن تعلیم کو کافی مضبوط کیا ہےاور سویم پربھا چینل دنیا کا سب سے بڑا تعلیم کا پلیٹ فارم بن گیا ہے۔دیکشا اور ای پاٹھ شالہ جیسے پلیٹ فارم ہیں ہی۔لیکن اس کے بعد بھی دوردراز علاقوں میں رہنے والے طلباء کو نیٹ کا مسئلہ ہے اور موبائیل نیٹورک کی پریشانی ہے تو ہم نے دوردرشن سے ٹاٹا اسکائی ڈش ٹی وی اور ریلائنس ٹی وی کے ذریعہ ان طلباء کے لئے تعلیم کا انتطام کررہے ہیں اور ریڈیو کے ذریعہ بھی وہ تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
آخری کنارے پررہنے والا کوئی بھی طالب علم تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سال اول کے طلباء کو داخلی تشخیص کی بنیاد پر کامیاب کیا جائے گا جبکہ دوسرے سال کے طلباء کو پہلے سال کے نتیجہ کے 50 فیصد اور 50 فیصد داخلی تشخیص کی بنیاد پر پاس کیا جائے گا۔صرف تیسرے سال کے طلباءکےامتحانات ہوں گےاور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس نے اپنی رپورٹ دے دی ہےاور اس کی سفارشوں کی بنیاد پر یہ امتحانات ہوں گے۔اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ یو جی سی کے شکایت سیل سے رابطہ کرے پھر بھی اگر معاملے کا حل نہ نکلے تو وزارت سے رابطہ قائم کرے۔