کانگریس 28 مئی کو سوشل میڈیا پر چلائے کی’اسپیک اپ انڈیا‘مہم

0

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کو راحت دینے کی ان کی بات پر توجہ نہیں دے رہی ہے اس لئے پارٹی نے جمعرات کو عوام کی آواز حکومت تک پہنچانے کے لئے’اسپیک اَپ انڈیا‘مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 50لاکھ سے زیادہ کانگریس کارکنان شریک ہوں گے۔
کانگریس ترجمان اجے ماکن نے بدھ کو کہا کہ اس مہم کے تحت کانگریس کے کارکنان مختلف سوشل میڈیا ذرائع سے مرکز تک اپنی بات پہنچائیں گےاور عوام کی آواز سننے کے لئے مرکز سے اپیل کریں گے۔اس مہم کا آغاز جمعرات 28 مئی کو11 بجے سے ہوگا اور دو بجے تک سوشل میڈیا پر چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی آواز ہے اور اس مہم کے ذریعے حکومت سے درخواست کی جائے گی کہ مہاجر مزدوروں کو عزت کے ساتھ ان کے گاوں تک پہنچایا جائے۔اس میں حکومت سے یہ بھی کہا جائے گا کہ وہ غریب خاندانوں کو فوری طور پر 10ہزار روپے کی مدد فراہم کرے۔اس کے علاوہ لوگوں کو ہر ماہ 7500 روپے کی مدد دی جائے تاکہ لوگ معاشی بحران سے باہر آسکیں۔
اجے ماکن نے کہا کہ اس مہم سے لوگوں کو اپنی آواز اٹھانے میں مدد ملے گی اور اگر حکومت غریبوں کو مدد فراہم کرتی ہے تو اس سے چھوٹے چھوٹے کاروبار چلانے والے لوگوں کو راحت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ منریگا کی حد 200 دن تک بڑھائی جانی چاہئے تاکہ گاوں میں غریب کو راحت مل سکے۔
کانگریس سوشل میڈیا کے چیف روہن گپتا نے اس موقع پر اسپیک اپ انڈیا کا لوگو اور اس پر ایک ویڈیو بھی جاری کیا اور کہا کہ’اسپیک اپ انڈیا‘مہم کے تحت فیس بک،ٹویٹر اور واٹس ایپ پر عوام کی آواز اٹھائی جائے گی۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS